پشاور زلمی کو شکست،اسلام آباد یونائیٹڈ فائنل میں، حیدر اور عماد نے بازی پلٹ دی

50 / 100

فوٹو : سوشل میڈیا

کراچی: پشاور زلمی کو شکست،اسلام آباد یونائیٹڈ فائنل میں، حیدر اور عماد نے بازی پلٹ دی، پی ایس ایل 9 کے ایلیمنیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نےکراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی، زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 185 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے 19ویں اوورز میں ہدف مکمل کیا،
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم 59 اور حیدر علی 52 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

یونائیٹڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں مارٹن گپٹل 34 اور اعظم خان 22 رنز بناکر نمایاں رہے، آغا سلمان 5 جبکہ کپتان شاداب خان صفر پر آؤٹ ہوئے، 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر عماد وسیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے صائم ایوب نے 73 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، محمد حارث 40 جبکہ کپتان بابر اعظم 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ علاوہ ازیں ٹام کوہلر کیڈرمور نے 18 اور عامر جمال نے 17 رنز کے ساتھ ٹوٹل میں اپنا حصہ ڈالا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے نسیم شاہ کامیاب بولر رہے، انہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مک کوئے اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ، میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم فائنل میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کرے گی۔

ایلیمنیٹر 2 کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ پشاور زلمی نے پلیئنگ الیون میں تین تبدیلیاں کیں حسیب اللّٰہ، پال والٹر اور سلمان ارشاد پشاور زلمی کے پلیئنگ الیون سے باہر ہوگئے جبکہ ان کی جگہ حسین طلعت، عارف یعقوب اور خرم شہزاد کو شامل کیا گیا۔

فائنل میں محمد رضوان کی ملتان سلطانز اور شاداب خان کی اسلام آباد یونائیٹڈ مد مقابل ہوں گی.

Comments are closed.