رضوان کی ملتان سلطانز بابرکی پشاورزلمی کو روند کر پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی

50 / 100

فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی: رضوان کی ملتان سلطانز بابرکی پشاورزلمی کو روند کر پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی، پاکستان سپر لیگ 9 کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

پشاور زلمی نےکراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔

جواب میں ملتان سلطانز نے 147 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 18.3 اوورز میں حاصل کیا، سلطانز کے یاسر خان نے 54 رنز بنائے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 7 چوکے شامل تھے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عثمان خان نے 36 اور افتخار احمد نے 22 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان محمد رضوان نے 15 رنز بنائے۔

اس سے پہلے پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم 46 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ٹام کوہلر کیڈمور 24، محمد حارث 24، رومین پاول 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ پال والٹر اور لیوک ووڈ 14، 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کے اسامہ میر اور کرس جورڈن نے 2، 2وکٹیں لیں جبکہ ڈیوڈ ویلے، محمد علی اور عباس آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پشاور زلمی کے پاس اب بھی فائنل تک رسائی کا ایک اور موقع موجود ہے، پشاور زلمی ایلیمنیٹر میچ جو کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہو گا میں سے جیتنے والی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔

پلے آف میں پشاور زلمی کی ٹیم کپتان بابر اعظم، صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، حسیب اللّٰہ خان، رومین پاول، پال والٹر، عامر جمال، لیوک ووڈ، مہران ممتاز اور سلمان ارشاد پر مشتمل تھی۔

جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، یاسر خان، عثمان خان، جانسن چارلس، افتخار احمد، خوشدل شاہ، کرس جورڈن، ڈیوڈ ویلے، اسامہ میر، عباس آفریدی اور محمد علی شامل تھے.

Comments are closed.