پاک افغان سرحد کو8 دن کی بندش کے بعد دوبارہ کھول دیاگیا

53 / 100

فوٹو: فائل

چمن : پاک افغان سرحد کو8 دن کی بندش کے بعد دوبارہ کھول دیاگیا،ضلع چمن سے ملحقہ سرحد پیدل اور گاڑیوں کی آمدورفت شروع ہوگئی۔

یہ سرحد کھلی ہے جس کے بعد معمول کی سرگرمیاں شروع ہوئیں تو آٹھ دنوں سے پھنسے ہزاروں افغان باشندے بھی واپس اپنے وطن لوٹ گئے۔

سرحد پر رکے ہوئےان افراد میں خواتین، بچے، بزرگ بھی شامل تھے جو سرحد کے قریب کھلے آسمان تلے راتیں گزارنے پر مجبور تھے۔

متعلقہ حکام کے مطابق سرحد کھولنے کا فیصلہ پاکستانی اور افغان حکام کے درمیان اتوار کو ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے سرحدی شہروں کے عسکری و سول افسران نے شرکت کی تھی۔

بعد میں ڈپٹی کمشنر چمن عبدالحمید زہری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ طالبان نے باب دوستی پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزم کی گرفتاری اور سخت سزا دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

واضح رہے پاک افغان سرحد کو مشترکہ دروازے ’باب دوستی‘ پر 13 نومبر کی دوپہر کو پیش آنے والے فائرنگ کے واقعہ کے بعد پاکستانی حکام نے احتجاجاً بند کر دیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق اس واقعے میں افغان سرزمین سے ایک شرپسند نے پاکستانی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس سے ایک اہلکار جان سے گیا اور دو زخمی ہوئے،ملزم فرار ہوگئے تھا۔

Comments are closed.