ن لیگ وپیپلز پارٹی قیادت لانگ مارچ اور تحریک عدم اعتماد پر متفق

14 / 100

فوٹو پی پی میڈیا سیل

لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام )چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے عمران خان کو ہٹانے کیلئے تمام اختلافات بھلادئیے، اپوزیشن رہنماؤں نے کہ ہمارے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ مضبوط ہونی چاہیئے.

لاہور میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کو بھگانے کے لیے آئینی اور جمہوری طریقہ احتجاج کے ساتھ عدم اعتماد ہے.

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو ہمیں عمران کو نکالنا ہے، ماضی کے اختلافات کے باوجود ہم بڑا قدم اٹھانے کے لیے اکھٹے ہیں، عمران خان کو ہٹانے کے لیے ہم ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ عدم اعتماد ہمارے پاس آپشن ہے، اس پر تفصیل سے بات ہوئی ہے، ہمیں تمام آئینی، سیاسی اور قانونی آپشز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس پر بات ہوئی ہے کہ دونوں لانگ مارچ میں کس طرح ہم آہنگی ہو سکتی ہے، پیپلز پارٹی نے لچک دکھائی، ہم تجاویز اپنی پارٹی اور پی ڈی ایم میں لے کر جائیں گے۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عدم اعتماد کے آپشن پر سنجیدگی سے گفتگو کی گئی، اگلے چند دنوں پی ڈی ایم میں اس پر بات کریں گے، عدم اعتماد پر نواز شریف اور پارٹی کی سینٹرل کمیٹی فیصلہ کرے گی۔

شہباز شریف نےایک سوال کے جواب میں کہا کہ کیا ہم ساڑھے تین سال سے سگنلز پر چل رہے ہیں، ساری بات ابھی بتادوں تو کہانی ختم ہوجائے گی۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ٹوٹے ہوئے دل مل جاتے ہیں، فکر نہ کریں، میں بیچ میں کھڑا ہوں، دل جڑ گئے ہیں۔

اس سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مسلم لیگ (ن) کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی۔

شہباز شریف نے اپنے صاحبزادے حمزہ شہباز، بھتیجی مریم نواز اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ رہائش گاہ پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا خیر مقدم کیا۔

اس دوران سب نے کورونا ایس او پیز کو بھی پیش نظر رکھا، آصف زرداری اور شہباز شریف نے کہنی کے ساتھ کہنی ملائی جبکہ بلاول بھٹو اور حمزہ شہباز نے ایک دوسرے کے ساتھ مکے ملائے۔

بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی (ن) لیگ کی قیادت سے ملاقات کے دوران خواجہ سعد رفیق کے ساتھ ساتھ مریم اورنگ زیب بھی موجود تھیں۔

ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں کی قیادت نے ملکی سیاسی صورتِ حال، حکومت مخالف مارچ اور آئندہ کی حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیاحکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کے معاملے پر بھی بات ہوئی.

شہباز شریف کی دعوت پر آصف زرداری اور بلاول کی ماڈل ٹاون آمد،استقبال کیلئے مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی موجود تھے، ن لیگ وپیپلز پارٹی قیادت میں لانگ مارچ اور تحریک عدم اعتماد پر متفق ہوگئے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو ظہرانے پر مدعو کیا ہے اس دوران پہلے دونوں جماعتوں کی قیادت کے در میان ملاقات ہوئی ہے جس کی تفصیلات آرہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیااور حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا بھی جائزہ لیا جارہاہے،
حکومت مخالف لانگ مارچ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف کی معاونت کے لیے مریم نواز، حمزہ شہباز، سعد رفیق، مریم اورنگزیب بھی موجود تھے جب کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کے ہمراہ حسن مرتضی اور رخسانہ بنگش ماڈل ٹاون پہنچے ہیں۔

واضح رہے کہ نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر شہباز شریف نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو ظہرانے پر مدعو کیا ہے اور
سابق صدر آصف زرداری نے اپنے صاحبزادے بلاول بھٹو کے ہمراہ لیگی قیادت سے ملاقات کی۔

Comments are closed.