بیوروکریسی اپنی ذمہ داریاں جہاد اور قومی فریضہ سمجھ کر ادا کرے، وزیراعظم


فوٹو : فائل

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان سے ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء نے ملاقات کی، اس موقع پر ملاقات میں اسپیشل اسسٹنٹ برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر بھی موجود تھے۔ 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور دیگر جرائم کا مقابلہ کرنا پی ٹی آئی کے حکومتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی، سائبر کرائم، معاشی جرم، امیگریشن سے متعلق جرائم ، منی لانڈرنگ اور و دیگر جرائم کا مقابلہ کرنا پی ٹی آئی کے حکومتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے، ملک کی خدمت کے لیے اپنی تما م کوششیں بروئے کار لائیں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان سے حال ہی ترقی پانے والے وفاقی سیکرٹریز نے بھی ملاقات کی، وزیرِاعظم  نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دی اور کہا کہ امید ہے ترقی پانے والے افسران اپنی نئی ذمہ داریاں نہایت فرض شناسی اور ملک و قوم کی خدمت کے بھرپورجذبے کے تحت ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا 60 کی دہائی میں گورننس کے لحاظ سے مثالی سمجھا جانے والا ہمارا ملک آج خطے میں دوسرے ممالک سے قدرے پیچھے رہ گیا جس کی مختلف وجوہات ہیں،  پاکستان تاریخ کے اہم دوراہے پر کھڑا ہے.

انھوں نے کہا ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے جہاں سیاسی قیادت نے وژن دینا ہے وہاں بیورو کریسی نے اس وژن کو عملی جامہ پہنانا ہے، سیاسی قیادت اور بیوروکریسی نے ملک کے مستقبل کا تعین کرنا ہے.

اس کے لئے نئی سوچ اور بہتر طرز حکومت (گڈگورننس) کی ضرورت ہے، ترقی پانے والے افسران اپنی ذمہ داریاں جہاد اور قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  ماضی میں بیرون ملک پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی گورننس کے مسائل کی وجہ سے حوصلہ شکنی ہوئی لیکن ہمیں اس ماحول کو بہتر کرنا ہے، حکومت کی کوششوں سے ملک میں معاشی استحکام ہے.

گزشتہ 15 ماہ میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ہر شعبے میں دلچسپی کا اظہار اور ملکی معیشت و پالیسیوں پر اعتماد کیا ہے، بین الاقوامی ادارے بھی ملکی معیشت میں آنے والی بہتری کے معترف ہیں۔

Comments are closed.