پی ٹی آئی ارکان اسمبلی محفوظ راستے ڈھونڈ رہے ہیں،مریم نواز

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی بھی اپنے لیے محفوظ راستے ڈھونڈ رہے ہیں، سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی میں ہر صوبے سے بغاوت ہورہی ہے۔

جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان بھی تحریک انصاف کو اب پسند نہیں کرتے، سینیٹ الیکشن میں ان کے ارکان بھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے یہ ووٹ دینے کو تیار نہیں ہیں.

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی کارکردگی سے ان کے ووٹ بینک پر اثر پڑا ہے، عمران خان کو ووٹ دینے کا مطلب ووٹ چور کو جتوانا ہے، عمران خان کے اب دوبارہ چانس نہیں ہے، وہ ایک بار تو ساز باز کر کے آگئے دوبارہ اس کا چانس نہیں ہے.

مریم نواز نے کہا کہ حمزہ شہباز نے بہادری کے ساتھ جھوٹے کیسز کا مقابلہ کیا، ان کی رہائی پر بہت خوشی ہورہی ہے، ساتھ مل کر پارٹی کیلئے مزید کام کرینگے، انہوں نے دوسال ناحق جیل کاٹی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے باوجود حکومت ڈسکہ کا الیکشن نہیں جیت سکی، اب ایک حلقہ کھلا تو ساری حقیقت سامنے آگئی، حکومت ڈسکہ میں دوبارہ انتخاب سے متعلق الیکشن کمیشن کا چیلنج اس لئے کررہی ہے کہ چوری پکڑی گئی ہے.

انھوں نے کہا کہ ان کو ڈر ہے کہ حکام پول کھول دینگے اور پکڑے جانے والے چھوٹے چور بڑے چوروں کا بتادیں گے، امپائر کو اغوا کرنے کے بعد بھی الیکشن ہار گئے، دوبارہ الیکشن سے پی ٹی آئی کی ضمانت ضبط ہوجائے گی، اس لیے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو روکنے کی کوشش کی جاری ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ لانگ مارچ کی تیاریاں جلد شروع ہوجائیں گی، ہوسکتا ہے لانگ مارچ کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سینیٹ الیکشن سے متعلق کچھ نہ ہی کہوں تو بہتر ہے۔

Comments are closed.