ورلڈ کپ، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 49رنز سے ہرا دیا


اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے ورلڈکپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقا کو 49 رنز سے شکست دے دی۔

ورلڈکپ کے 30 ویں میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 309 رنز کا ہدف دیا، جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بناسکی۔

لارڈز گراؤنڈ میں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں بلے بازوں نے پراعتماد انداز اپناتے ہوئے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ 

ٹیم کا مجموعی اسکور 81 تک پہنچا تو فخر زمان، عمران طاہر کی گیند پر ہاشم آملہ کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 50 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔

اوپنر امام الحق کی اننگز بھی 44 رنز پر سمٹ گئی جب کہ محمد حفیظ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

چوتھی وکٹ پر بابر اعظم اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 81 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 224 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم 69 رنز بناکر فیلکووائیو کا شکار بنے۔

اس کے بعد عماد وسیم نے حارث سہیل کے ساتھ ملکر 71 رنز کی پارٹنر شپ بنائی تاہم وہ 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،کپتان سرفراز نے ایک بار پھر خوف کے باعث بیٹنگ کے لیے خود آنے کی بجاہء وہاب ریاض بھیجا جو صرف  4 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

پاکستان کی ساتویں وکٹ حارث سہیل کی گری جو کہ 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 89 رنز بناکر کیچ دے بیٹھے۔

بابراعظم اور حارث سہیل کی جارحانہ اننگز کی بدولت گرین شرٹس مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بناسکی۔

حارث سہیل 89، بابراعظم 69، فخر زمان اور امام الحق 44، 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پروٹیز کی جانب سے عمران طاہر نے 2 اور ایڈن مرکرم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کاک نے کیا۔ دوسرے اوور میں فاسٹ بولر محمد عامر نے ہاشم آملہ کو ایل بی ڈبلیو کرکے جنوبی افریقی بیٹنگ کی بنیاد ہلادی۔ اس وقت پروٹیز کا مجموعی اسکور صرف 4 رنز تھا۔

دوسری وکٹ پر کپتان ڈوپلیسی اور ڈی کاک نے 87 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، اس موقع پر ڈی کاک 47 رنز بناکر شاداب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

جنوبی افریقا کی تیسری وکٹ 103 کے مجموعی اسکور پر گری جب مرکرم 7 رنز بناکر شاداب کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

اس کے بعد محمد عامر نے جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی کو آؤٹ کرکے پاکستان کو اہم کامیابی دلائی، وہ 63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد وین ڈر ڈسن 36 اور ڈیوڈ ملر 31 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ فیلوکائیو نے آخر تک مزاحمت کی اور 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور وہاب ریاض نے 3،3 جبکہ محمد عامر نے دو اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ حارث سہیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

محمد عامر اس میچ میں دو وکٹیں حاصل کرنے کے بعد رواں ورلڈکپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بن گئے ہیں۔ انہوں نے پانچ میچز میں 15 وکٹیں حاصل کرلی ہیں۔ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک اور انگلینڈ کے جوفرا آرچر کی بھی 15 وکٹیں ہیں تاہم بہتر اکانومی کی وجہ سے عامر پہلی پوزیشن پر ہیں۔

قومی ٹیم میں اس میچ کیلئے دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کی جگہ حارث سہیل اور فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

میگا ایونٹ میں قومی کرکٹ ٹیم اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے 2 میں کامیابی، 3 میں شکست اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا جب کہ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی ٹیم 5 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔

جنوبی افریقا کی ٹیم میگا ایونٹ میں 7 میچز میں سے ایک میں کامیابی حاصل کرسکی ہے، 5 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا۔ اس میچ میں شکست کے بعد جنوبی افریقا کیلئے  سیمی فائنل تک پہنچنے کی امیدیں ختم ہوگئی ہیں۔

ایونٹ میں رہنے سے متعلق پاکستان ٹیم کیلئے اگر مگر کا چکر مزید دلچسپ ہو گیا ہے، ٹیم کو  اگلے تمام میچ اچھے مارجن سے جیتنا ہوں گے۔

Comments are closed.