مسئلہ فلسطین کا حل اولین ترجیح ہے،سعودی وزیرخارجہ

ریاض(زمینی حقائق ڈاٹ کام)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا حل سعودی عرب کی اولین ترجیح ہے۔

فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر متعلقہ ادارے کو روانہ کیے گیے مکتوب میں سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کے حقوق نا قابل تقسیم اور تصرف ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بانی مملکت شاہ عبد العزیز کے دور سے لے آج تک قضیہ فلسطین، سعودی عرب کی خارجہ پالیسی میں سرفہرست رہا ہے.

انہوں نے فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے جد و جہد کرنے والی تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سعودی عرب فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے دفاع کرتا رہے گا یہاں تک کہ انہیں ان کے جائز حقوق مل جائیں۔

سعودی عرب نے2002 میں مسئلے کے حل کے لیے فارمولہ پیش کیا تھا جسے تمام عرب ممالک کی تائید حاصل ہے فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام اور ملک بدر عوام کی واپسی کے علاوہ بیت المقدس کو دار الحکومت تسلیم کیے بغیر یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا.

سعودی وزیر خارجہ نےکہا کہ قابض اسرائیلی افواج کی طرف سے فلسطینی سر زمین پر یہودی بستیاں قائم کرنے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے.

Comments are closed.