سینیٹ انتخابات، کون کون جیتا؟48منتخب سینیٹرز کے نام

فوٹو : فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)سینیٹ انتخابات میں حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کی شکست اور پی ڈی ایم کے یوسف رضا گیلانی کی فتح کے علاوہ بھی کئی غیر متوقع نتائج سامنے آئے ہیں، پیپلز پارٹی کو سندھ میں بھی 5ووٹ اضافی ملے ،پنجاب کے11سینیٹرز کو ملا کر کل 48سینیٹرز منتخب ہوئے ہیں۔۔

الیکشن کے بعدسینیٹ میں اپوزیشن اتحاد کے 53 سینیٹرز ہیں جبکہ حکمراں اتحاد کے سینیٹرز کی تعداد 47 ہوگئی ہے،،پی ٹی آئی 26 نشستوں کے ساتھ ایوان بالا کی سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے، سندھ میں پیپلزپارٹی کے 7، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم دو دو سینیٹرز کامیاب ہوگئے، خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف نے 12نشستوں میں 10جیت لیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی وفاقی دارالحکومت کی جنرل سیٹ پر کامیاب ہو ئے،یوسف رضا گیلانی کو 169 ووٹ جبکہ حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے، قومی اسمبلی میں 340 ووٹ کاسٹ کیے گئے اور اس دوران سات ووٹ مسترد ہوئے۔

بظاہر حکومت اور ان کے اتحادیوں کو 185 ارکان کی حمایت حاصل تھی جبکہ اپوزیشن کے پاس 160 ارکان تھے،اسلام آباد ہی سے خواتین کی سیٹ پر تحریک انصاف کی رہنما فوزیہ ارشد 174 کے ساتھ کامیاب ہو گئیں،ان کے مدمقابل اپوزیشن کی امیدوار فرزانہ کوثر کو 161 ووٹ ملے۔

سندھ

سندھ میں پیپلز پارٹی سینیٹ کی 7 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی جبکہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم نے دو، دو نشستیں حاصل کی ہیں۔ جی ڈی اے کا امیدوار کامیاب نہ ہوسکا۔

پیپلز پارٹی کی شیری رحمان نے 22 ووٹ، سلیم مانڈوی والا 20ووٹ، تاج حیدر 20 ووٹ، جام مہتاب ڈھر 19 ووٹ اور شہادت اعوان نے بھی 19 ووٹ حاصل کئے جبکہ ایم کیو ایم کے فیصل سبزواری 22 ووٹ اور تحریک انصاف کے فیصل واوڈا 20 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے۔

خواتین کی 2 نشستوں پر پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان 60 ووٹ جبکہ ایم کیو ایم کی خالدہ طیب نے 97 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی پیپلز پارٹی کی رخسانہ شاہ نے 46 ووٹ حاصل کئے۔

سندھ سے ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں پر پیپلز پارٹی کے فاروق ایچ نائیک نے 61 ووٹ اور تحریک انصاف کے سیف اللہ ابڑو 57 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔جی ڈی اے کے پیر سید صدر الدین شاہ راشدی سینیٹ کی جنرل نشست کے لئے صرف 15 ووٹ حاصل کرسکے۔

بلوچستان

بلوچستان میں حکومتی اتحاد نے7 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اپوزیشن اتحاد نے 3 نشستیں جیتیں،، ایک ایک نشست پر حکومت اور اپوزیشن کے حمایت یافتہ آزاد ارکان نے کامیابی حاصل کرلی۔

بلوچستان میں جنرل نشستوں پربلوچستان عوامی پارٹی کے پرنس عمر احمد زئی، میر سرفراز بگٹی، منظور احمد کاکڑ، جمعیت علما اسلام کے مولانا عبدالغفور حیدری، بلوچستان نیشنل پارٹی کے محمد قاسم رونجھہ،عوامی نیشنل پارٹی کے نوابزادہ ارباب عمر فاروق کاسی اور حکومتی حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد عبدالقادر نے کامیابی حاصل کی۔

ٹیکنوکریٹس کی مخصوص نشستوں پر بلوچستان عوامی پارٹی کے سعید احمد ہاشمی، جمعیت علما اسلام کے کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ، خواتین کی مخصوص نشستوں پر بلوچستان عوامی پارٹی کی ثمینہ ممتاز اور اپوزیشن اتحاد کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار نسیمہ احسان اور اقلیتی نشست پر بلوچستان عوامی پارٹی کے دنیش کمار جیتے

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن میں 12 نشستوں میں سے 10 نشتیں تحریک انصاف نے جیتں،پاکستان تحریک انصاف کے شبلی فراز، محسن عزیز، لیاقت ترکئی، فیصل سلیم اور ذیشان خانزادہ کامیاب ہوئے ہیں۔ جنرل نشست پر جے یو آئی (ف) کے عطا الرحمن اور عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہدایت اللہ جیتے ہیں۔

ٹیکنوکیٹ کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے دوست محمد محسود اور ہمایوں خان فاتح ہوئے ہیں، خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کی ثانیہ نشتر اور فلک نازاور اقلیت کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے گل دیب سنکھ کامیاب ہوئے۔

پنجاب

پنجاب میں سینیٹ کے 11امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ کامیاب ہو چکے تھے جن میں تحریک انصاف کے6اور مسلم لیگ ن کے 5سینیٹرز شامل ہیں۔

پنجاب میں اعجاز چودھری، عون عباس، سیف اللہ نیازی، کامل علی آغا، زرقا تیمور اور علی ظفر منتخب ہوئے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے ساجد میر، عرفان الحق، افنان اللہ خان، سعدیہ عباسی اور اعظم نذیر تارڑ بلا مقابلہ منتخب ہوئے تھے۔

Comments are closed.