دنیا بھر میں آج یوم مزدور منایا جا رہا ہے

فوٹو: فائل

اسلام آباد(ویب ڈیسک )پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم مزدور منایا جارہا ہے جس کا مقصد مزدوروں کے ان لیڈروں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے ان کے حقوق کے لیے قربانیاں دیں۔

آج یوم مزدور کی مناسبت سے ملک میں عام تعطیل ہے جس کی وجہ سے تمام اسکول اور دفاتر بند ہیں۔

مزدوروں کے حق میں آج ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور سیمینارز بھی منعقد کیے جائیں گے۔

عالمی یوم مزدور کے موقع پر عام تعطیل کے باوجود بے شمار مزدور روزی کمانے کی خاطر مزدوری کی تلاش میں گھروں سے نکلے ہیں۔

محنت کشوں کے عالمی دن پر صدر مملکت ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی میں محنت کشوں کا کردار کلیدی ہے، بجٹ میں ان کے معاوضوں میں معقول اضافہ کیا گیا، محنت کش نیک نیتی اور دیانت کی شاندار روایات کے امین ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ شکاگو کے محنت کشوں کی قربانی تاریخ کا اہم باب ہے، حکومت محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، آجر اور اجیر ملکی ترقی میں شراکت دار ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی مسابقت میں جدید ٹیکنالوجی کا حصول ناگزیر ہے، محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔

Comments are closed.