اسامہ آپریشن سے شہرت یافتہ ڈاکٹر شکیل آفریدی اڈیالہ جیل منتقل

فائل فوٹو

راولپنڈی(ویب ڈیسک)اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی فوجی آپریشن سے شہرت پانے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کردیاگیا

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی فوجی آپریشن سے شہرت پانے والے مجرم شکیل آفریدی کو جان کے خطرات کے باعث کے پی کے کی پشاور جیل سے پنجاب کی اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

خیبر پختون خوا حکومت کے مطالبے پر یہ منتقلی انتہائی سخت سیکیورٹی میں آج سہ پہر ہوئی اور اڈیالہ جیل کے باہر اور اندر سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ قبل ازیں کے پی کے حکومت نے متعدد بار وفاق سے درخواست کی تھی کہ کے پی کے کی جیل میں شکیل آفریدی کی جان کو خطرہ لاحق ہے اور جیل پر حملے کے خدشات ہیں اس لیے آفریدی کو کہیں اور منتقل کیا جائے۔

خیال رہے کہ شکیل آفریدی کو اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔ شکیل آفریدی پر الزام ہے کہ اس نے امریکن سی آئی اے کی ایما پر اسامہ بن لادن کا بلڈ سیمپل حاصل کرنے کی کوشش کی تھی بعدازاں ثابت ہوا کہ وہ پہلے بھی امریکن سی آئی اے کے لیے کام کرتا رہا ہے۔

جرم ثابت ہونے پر خیبر ایجنسی کی پولیٹکل ایجنسی نے 33 برس قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد سے وہ کے پی کے کی جیل میں بند تھا۔

Comments are closed.