گوجرانوالہ میں آج پی ڈی ایم جلسہ ، قافلوں کی آمد جاری

گوجرانوالہ(زمینی حقائق ڈاٹ کام)اپوزیشن جماعتوں کے اتحادپی ڈی ایم کا آج گوجرانوالہ کے جناح سٹیڈیم میں جلسہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، مختلف شہروں سے قافلوں کی آمد جاری ہے۔

جلسہ سے خطاب کیلئے 80 فٹ لمبا اور 24 فٹ چوڑا سٹیج تیار کیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم میں لائٹس لگا دی گئیں۔ اسٹیڈیم کے چاروں اطراف پی ڈی ایم کے قائدین کے بڑے بڑے فلیکسز آویزاں کر دیئے گئے۔ جناح سٹیڈیم کی طرف آنے والے راستوں پر 32کنٹینرز کھڑے کے راستے بند کر دیئے گئے۔

جلسے میں شرکت کے لیے مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان لاہور سے گجرانوالہ پہنچیں گے، دونوں جماعتوں کے قافلے کامونکی میں ساتھ ملیں گے جب کہ بلاول بھٹو زرداری لالہ موسیٰ سے گجرانوالہ پہنچیں گے۔

جلسے میں شرکت کے لیے مریم نواز جاتی امرا سے جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہو گئی ہیں، جلسے میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل مریم نواز نے دعا بھی کی اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آج جعلی حکومت کے خاتمے کی شروعات ہے۔

 روانگی سے قبل مریم نواز نے دعا بھی کی

مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ بزدل حکومت کو اگر یقین ہے کہ اپوزیشن جناح اسٹیڈیم کو نہیں بھر پائے گی تو پھر کنٹینر لگا کر راستے کیوں بلاک کر رکھے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا بزدلو! کارکنوں کا راستہ تم نہیں روک سکتے، ان شاء اللہ جتنی عوام اسٹیڈیم کے اندر ہو گی اس سے تین گنا زیادہ عوام اسٹیڈیم کے باہر موجود ہو گی۔

مریم نواز کیلئے 8مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے،، مریم نواز رنگ روڈ سے موٹر وے لنک بابو صابو انٹرچینج سے بند روڈ پر آئیں گی۔ لیگی رہنما بند روڈ سے بتی چوک دریائے راوی کو عبور کریں گی۔

راستے میں مریم نواز شاہدرہ اور کالا شاہ کاکو استقبالیہ میں لیگی کارکنوں سے مختصر خطاب کریں گی۔ لیگی رہنما کا مرید کے پر استقبال کیا جائے گا۔ مریم نواز کا کامونکے بھی استقبال کیا جائے گا ۔ مریم نواز کو چن دا قلعہ پر استقبال کر کے ریلی کی شکل میں پنڈال میں لے کر جایا جائے گا۔

گل روڈ، منیر چوک، سیالکوٹ روڈ اور گوندنوالہ پھاٹک پر کنٹینر کھڑے کر دیے گئے ہیں،اس کے علاوہ سیٹلائٹ ٹاؤن سے آنے والی سڑکوں پر بھی کنٹینرز کھڑے کر دیے گئے ہیں جس کی وجہ سے جناح اسٹیڈیم کی طرف پیدل آنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہاہے کہ ہم نے رات کو ہی جلسہ گاہ بھر دی تھی، کارکن صبح تک موجود رہے، شبلی فراز اب استعفی دے دیں، استعفی کا متن ہم فراہم کر دیں گے۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ فیاض چوہان کو نہیں جانتی، ان کی بات کا جواب دینا نہیں چاہتی۔ترجمان مسلم لیگ نے بتایا کہ مریم نواز دن ڈیڑھ بجے رائے ونڈ سے جلسے کے لیے روانہ ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ طے کی گئی ایس او پیز پر عمل کی پوری کوشش کریں گے۔

ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف کارروائی سے متعلق سوال پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ لیاقت باغ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے جلسے میں کورونا کی خلاف ورزی پر کتنی ایف آئی آر کٹی تھیں۔

یاد رہے پی ڈی ایم اور انتظامیہ میں جناح سٹیڈیم گوجرانوالہ میں جلسے کی اجازت کے ساتھ 28 نکاتی معاہدہ طے پایا ہے۔ جلسے کا وقت شام 5 سے رات 12 بجے تک مقرر کیا گیا، کورونا ایس او پیز کو مد نظر رکھنا لازم قرار دیا گیا، بغیر ماسک اور سینیٹائزر کوئی کارکن جلسے میں داخل نہیں ہو سکتا۔

معاہدے کے مطابق پی ڈی ایم کا کوئی رہنما سٹیڈیم کے علاوہ کسی جگہ تقریر نہیں کرے گا، جی ٹی روڈ بند نہیں کیا جائیگا، ملکی سلامتی کے اداروں اور خلاف آئین کوئی تقریر نہیں کی جائے گی، معاہدے کی خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔

Comments are closed.