وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

52 / 100 SEO Score

فوٹو:فائل

تاشقند: وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، وزیراعظم شہبازشریف نے اقتصادی تعاون تنظیم کے 17ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے دو طرفہ ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، اقتصادی شراکت داری اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کی مثالی میزبانی پر آذربائیجان کے صدر کو مبارکباد دی۔

انہوں نے 27 سے 29 مئی 2025 کو آذربائیجان کے شہر لاچین کے حالیہ دورے کے دوران پاکستانی وفد کی شاندار مہمان نوازی پر صدر علیوف اور آذربائیجان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران پاکستان کو آذربائیجان کی جانب سے دی جانے والی مستقل حمایت پر صدر الہام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے بھی مشکل وقت میں آذربائیجان کی مسلسل حمایت کی ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماوٴں نے دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری کے امکانات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماوٴں نے اقتصادی شراکت داری بالخصوص آذربائیجان کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان حالیہ بات چیت، باہمی تعلقات کی مزید مضبوطی میں معاون ثابت ہوئی ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے صدر الہام کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

Comments are closed.