کیپٹن صفدر کے بغاوت کا مقدمہ درج

ویب ڈیسک

گوجرانوالہ : مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف ریاست سے بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا گیاہے ،کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی.

یہ مقدمہ تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے مقدمے میں ن لیگ کے ایم پی اے عمران خالد بٹ بھی نامزد ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے جمعہ کو عمران خالد بٹ کی رہائش گاہ پر میٹنگ کی میں ریاستی اور انتظامی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز الفاظ استعمال کیے گئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ گوجرانوالہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا.

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ کیپٹن ر صفدر نے حکومت کو بزور احتجاج ختم کرنے کی دھمکی دی اور ریاستی ادارے کے خلاف نفرت کے جذبات ابھارے ، جب کہ کیپٹن ر صفدر نے جلسے کی اجازت نہ ملنے پر بزور طاقت اجازت لینے کی دھمکی دی ۔

دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ نوازشریف لوگوں کو بغاوت پر اکسا رہے ہیں ، نوازشریف کی بلیک میلنگ میں کوئی نہیں آئے گا، عمران خان کرپشن کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے.

انھوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے ملک پر جو تنقید کی ہے اس سے لگتا ہے کہ وہ اپنے اثاثے بچانے کیلئے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگا سکتے ہیں ، نوازشریف آپ نے ملک کے ادارے بنانے کی بجائے اداروں کو تباہ کیا، ملک کی معیشت اور کردار کا ستیاناس کردیا ہے.

نئی نسل کیلئے ایسا رول ماڈل دیا ہے کہ محنت اور غلط طریقے سے پیسہ بنانے والوں کا فرق ختم کردیا ہے، آپ نے بجلی کے ایسے معاہدے کیے جس سے بجلی مہنگی ہے، ڈالر کو مصنوعی طور پر برقرار رکھا گیا۔

Comments are closed.