اقتصادی تعاون تنظیم کا 17واں سربراہی اجلاس ،وزیراعظم پاکستان کی نمائندگی کریں گے
فوٹو:فائل
اسلام آباد:اقتصادی تعاون تنظیم کا 17واں سربراہی اجلاس آج سے آذربائیجان میں شروع ہو رہا ہے۔ دو روزہ سمٹ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔وزیراعظم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کریں گے۔
اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن ایک علاقائی بین الحکومتی تنظیم ہے جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور علاقائی ترقی کو فروغ دینا ہے۔آذربائیجان تیسری مرتبہ اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی سمٹ کی میزبانی کررہا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اس اہم فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔تنظیم کے رکن ممالک میں آذربائیجان، پاکستان، ایران، ترکیہ، افغانستان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے اہم مقاصد میں رکن ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا، زراعت، صنعت، توانائی، نقل و حمل اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون،تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی کا تبادلہ اور ماحولیاتی تحفظ جیسے مشترکہ اقدامات کے ذریعے علاقائی ترقی کا فروغ ہے۔
سربراہی سمٹ میں ای سی او رکن ملکوں کے درمیان علاقائی ترقی اور اقتصادی تعاون پر بات چیت ہوگی جس میں پائیدار ترقی، سبز سرمایہ کاری، ڈیجیٹل تجارت اور سمارٹ ٹرانسپورٹ پر خاص توجہ دی جائے گی۔ وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا، وزیر اعظم سمٹ سے اپنے کلیدی خطاب میں خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ محمد شہباز شریف تجارتی روابط، توانائی تعاون اور عوامی بہبود پر ای سی او کی کوششوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کریں گے۔
سربراہی اجلاس ای سی او خطے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا، جو علاقائی ترقی اور روابط کو فروغ دینے میں آذربائیجان کے کلیدی کردار کو بھی نمایاں کرے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دیگر رکن ملکوں کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔یہ ملاقاتیں تجارت، توانائی، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کا موقع فراہم کریں گی۔
Comments are closed.