کورونا وائرس ،چین میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد636 ہو گئی

فوٹو : ٹوئٹر

بیجنگ(ویب ڈیسک)چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے اور پراسرار وبا سے ہلاک ہونے والے ا تعداد 636 ہو گئی۔

ہلاکتوں کے حوالے سے چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ہلاک ہونے والے 73 افراد میں سے 69 کا تعلق ہوبئی صوبے سے ہے جب کہ ان 69 میں سے 64 ہوبئی کے مرکزی شہر ووہان سے تعلق رکھتے ہیں۔

ہیلتھ کمیشن کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے مزید 3 ہزار 143 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار 161 ہو گئی ہے۔

چین نے کورونا وائرس کے بارے میں سب سے پہلے خبر دینے والے ڈاکٹر لی ون لیانگ کی موت کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بھی ڈاکٹر لی ون لیانگ کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے بارے میں دنیا کو آگاہ کرنے والے ڈاکٹر کی خدمات کو سراہا جائے۔

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی یوکوہاما ہاربر پر لنگر انداز بحری جہاز میں موجود 41 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہےقبل ازیں بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسس پر بھی موجود 20 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

دوسری طرفچین کے صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور کورونا وائرس کے حوالے سے گفتگو کی۔

صدر شی جن پنگ نے امریکی ہم منصب کو بتایا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے، چین کورونا وائرس سے نمٹنےکے لیے مکمل صلاحیت اور اعتماد رکھتا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے چین کی جانب سے سے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی ۔

بھر پور اقدامات کے باوجود کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے جب کہ حکومت کی جانب سے وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے نئے اسپتال بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

کورونا وائرس سے چین سے باہر دو ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ دنیا کے 25 ممالک میں یہ وائرس جا چکا ہے جس کے بعد کئی ممالک نے چین سے فضائی رابطہ بھی منقطع کر رکھا ہے.

Comments are closed.