کوروناوائرس،انشاء اللہ ان حالات سے ایک قوم بن کر نکلیں گے، آرمی چیف

فوٹو : آئی ایس پی آر فائل

راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کا بھرپور جائزہ لیا گیا۔ سپہ سالار کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ ان حالات سے ایک قوم بن کر نکلیں گے۔

آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف کی زیر صدارت 231ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں تمام کور کمانڈرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں کورونا وائرس کے خلاف اول دستے کا کردار ادا کرنے پر ڈاکٹروں، نرسوں، ہیلتھ کیئر ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔

کور کانفرنس نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں جیو اسٹرٹیجک، علاقائی اور قومی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا، ملک بھر میں کورونا وائرس کے خلاف سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے فوجیوں کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔

شرکا کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے قیام کے ذریعے قومی کاوشوں کو ہم آہنگ کرنے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام کمانڈروں کو ہد ایت کی کہ وہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمی، اندرون سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں مشکلات کے شکار افراد کی مدد کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔

کور کمانڈرز نے مشکل کی اس گھڑی میں بہادری سے اول دستے کا کردار ادا کرنے پر ڈاکٹروں، نرسوں، ہیلتھ کیئر ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

کور کمانڈرز نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو مظالم سہتے ہوئے اس وبا کا مقابلہ کر رہے ہیں اور اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس آفت کا مقابلہ کرنے میں ہر پاکستان کی اہمیت ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان متحرک نوجوانوں اور دلیر قوم کے باعث کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فتح یاب ہوگا اور ہم بطور قوم اس چیلنج سے مضبوط ہو کر ابھریں گے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس سے اب تک ملک میں 4 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ 56 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

Comments are closed.