کامران اکمل کی دھواں دھار بیٹنگ ، پشاور زلمی فائنل میں پہنچ گئی

پشاور زلمی کراچی کنگز کو 13رنز سے ہراکر فائنل میں پہنچ گئی، زلمی کے کامران اکمل کی دھواں دھار اننگز 17بالز پر ففٹی بنا ڈالی۔ عثمان شنواری کے ایک اوور میں 25رنز بھی بنائے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ایلیمینیٹر میں 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم 16 اوورز کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز ہی بناسکی۔

بارش کے باعث 16 اوورز تک محدود ہونے والے میچ میں کراچی کنگز کے پہلے آوٴٹ ہونے والے بیٹسمین مختار احمد تھے جو ایک رن بناکر ثمین گل کی گیند پر آوٴٹ ہوئے۔

اس کے بعد بابر اعظم اور جو ڈینلے کے درمیان 117 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی تاہم اپنی ٹیم کو جیت تک نہ پہنچا سکے۔بابر اعظم نے 45 گیندوں پر 63 جبکہ جو ڈینلے نے 46 گیندوں پر 79 رنز بنائے۔

پشاور کی جانب سے حسن علی اور ثمین گل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔

اس سے قبل کامران اکمل کی طوفانی اننگز نے پشاور زلمی کو کراچی کنگز کے خلاف 170 کے اسکور تک پہنچادیا۔ آندرے فلیچر اور کامران اکمل نے 107 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

کامران اکمل نے پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین نصف سنچری 17 گیندوں پر اسکور کی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی کے پاس تھا۔واضح رہے کہ یہ میچ بارش کے باعث 16 اوورز تک محدود تھا۔

کامران اکمل نے عثمان شنواری کے ایک اوور میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی بدولت 25 رنز حاصل کیے۔ آندرے فلیچر 30 گیندوں پر 34 رنز بناکر روی بوپارا کی گیند کا شکار بنے۔

دوسرے اینڈ سے کامران اکمل کی جارحانہ بیٹنگ جاری تھی تاہم روی بوپارا کے ہی اوور میں وہ بھی پوائنٹ پر فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے۔

کامران اکمل نے 27 گیندوں پر 77 رنز کی طوفانی اننگز کھیل پر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو انتہائی مضبوط بنادیا۔۔ کپتان ڈیرن سیمی 12 گیندوں پر 23 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

اختتامی اوورز میں زلمی کی کچھ گریں تاہم اس کے باوجود ٹیم 171 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دینے میں کامیاب رہی۔کراچی کنگز کی جانب سے روی بوپارا نے تین، ٹائمل ملز نے دو جبکہ عثمان شنواری نے ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔

شاندار اننگز کھیلنے پر کامران اکمل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فائنل 25مارچ کو کراچی میں اسلام آباد یونائٹڈ اور پشارو زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

Comments are closed.