کاروبار کی خواہش مند خواتین کیلئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد(ویب ڈیسک)کاروبار کرنے کی خواہش مند خواتین کیلئے اسٹیٹ بینک کی طرف سے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سیما کامل کا کہنا ہے کہ خواتین کاروبار کے لیے 5 فیصد شرح سود پر 50 لاکھ روپے تک قرض لے سکتی ہیں۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوزپر ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سیما کامل کا کہنا تھا کہ خواتین محدود وسائل میں گھر چلاتی ہیں اور گھر سے ملک چلتا ہے۔

سیما کامل نے کہا کہ خواتین 100 روپے میں کسی بھی بینک میں ’’آسان اکاؤنٹ‘‘ کھول سکتی ہیں، آسان اکاؤنٹ صرف شناختی کارڈ پر کھولا جا سکتا ہے، اکاؤنٹ کھولنے کے کوئی چارجز نہیں اور کم از کم رقم رکھنے کی بھی کوئی شرط نہیں ہے۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے واضح کیا کہ آسان اکاؤنٹ میں ماہانہ 5 لاکھ روپے کی رقم جمع اور نکالی جا سکتی ہے، 5 لاکھ سے زائد کاروبار کی صورت میں آمدنی کا ثبوت دینا ہو گا آسان اکاؤنٹ سب کے لیے ہے، طلباء بھی کھول سکتے ہیں، آسان اکاؤنٹ پر منافع بھی ملتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کامیاب جوان اسکیم سے خواتین 10 لاکھ تک بغیر زرضمانت قرض لے سکتی ہیں، کامیاب جوان اسکیم پروگرام میں خواتین کے لیے 25 فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے۔

سیما کامل نے بتایا کہ ملک میں خواتین کے اکاؤنٹ 18 فیصد اور مردوں کے 51 فیصد اکاؤنٹ ہیں، بینکوں سے تعلیم، شادی اور گھر کی تعمیر پر لون ملتا ہے، لیکن خواتین کو علم ہی نہیں ہے، خواتین کاروبار کے لیے 5 فیصد شرح سود پر 50 لاکھ تک لون لے سکتی ہیں۔

سیما کامل نے کہا کہ زراعت کی ترقی میں خواتین کا بڑا حصہ ہے، خواتین کی بڑی تعداد زراعت سے وابستہ ہے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں تین ماہ میں 60 ہزار اکاؤنٹ کھل چکے ہیں۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ خواتین کی آگاہی کے لیے اسٹیٹ بینک نے فنانشنل لٹریسی پروگرام کا آغاز کیا ہے، پروگرام کے ذریعے 10 لاکھ افراد کو آگاہی فراہم کی جائے گی جس میں 50 فیصد خواتین ہوں گی۔

Comments are closed.