چین اپنے مشکل وقت میں دوستی نبھانا نہ بھولا، تہنیتی پیغامات


فوٹو: ٹوئٹر

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) چین مشکل ترین حالات میں بھی پاکستان کے ساتھ دوستی نبھانے سے غافل نہیں ہے جہاں وہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کررہاہے وہاں یوم پاکستان پر بھی چینی عوام اور حکومت کی طرف سے تہنتی پیغامات دیئے جارہے ہیں۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لی جیان نے یوم پاکستان پر قومی ترانے کی ایک دھن سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے پاکستان کو مبارکباد دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں ایک چینی بچہ ہارمونیم پر قومی ترانے کی دھن بہت خوبصورت انداز میں پیش کررہاہے جس کے الفاظ کا بھی واضح اظہار بھی سننے والوں تک پہنچتا ہے۔

ایک اور ٹوئٹر پر چین کی طرف سے کورونا وائرس سے موثر انداز میں نمٹنے پر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے تحسین بھرے الفاظ کا بھی شکریہ ادا کیا گیاہے۔

ادھربیجنگ میں یوم پاکستان کی مناسبت سے ایک خصوصی تقریب کااہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی نے خطاب میں پاک چین دوستی پر بھی روشنی ڈالی اور کورونا وائرس سے متاثرہ چینی خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔

دوسری طرف چینی سفارتخانہ کی طرف سے ٹوئٹر پرایک اور ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں چینی افراد کے پیغامات شامل ہیں جس میں وہ پاک چین مضبوط دوستی کے علاوہ مل کر کوورنا وائرس کو شکست دینے کاعزم کررہے ہیں۔

یہ پیغامات اردو اورچین کی زبان میں نشر کئے گئے ہیں جس میں پاک چین دوستی پر فخر کااظہار بھی کیا گیاہے جس کے آخر میں مرحوم جنید جمشید کا مشہور ملی نغمہ ، ہم پاکستانی ہر مشکل میں جیتیں گے ، بھی شامل کیا گیاہے۔

Comments are closed.