چیف سیکرٹری فردوس عاشق کے مقابلے میں آگئے، بزدار سے شکایت


لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام)چیف سیکرٹری پنجاب اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کی لاپرواہی کی باز پرس کرنے پر مزید ایکشن لینے کی بجائے معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان کے مقابلے میں آگئے،فردوس عاشق اعوان کے رویہ کی مذمت کردی۔

اس حوالے سے میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے سیالکوٹ واقعہ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیالکوٹ کے رمضان بازار میں انتظامی افسر کے ساتھ غیر مہذب برتاو کی مذمت کرتے ہیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف اور دیگر انتظامی افسران سخت گرمی اور کورونا وباء کے باوجود فرنٹ لائن پر موجود ہیں،انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری افسر یا عملے کے ساتھ غیر اخلاقی زبان استعمال کرنا قابل مذمت ہے۔

چیف سیکرٹری نے انتظامی کمزوریوں پر پردہ ڈالتے ہوئے موقف اپنایا کہ پنجاب بھر میں انتظامی افسران دن رات عوام کی سہولت کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں جو قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ سرکاری افسران کی تذلیل کرے، فیلڈ میں موجود تمام افسران کی انتھک محنت اور جرات کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اس افسوسناک واقعہ کے حوالے سے تحفظات وزیر اعلی پنجاب تک پہنچا دیے ہیں۔

سیالکوٹ میں فردوس عاشق اعوان کی طرف سے اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کو ڈانٹنے پر سوشل میڈیا پر لوگوں کا ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے کچھ لوگ فردوس عاشق اعوان کے رویہ کی مذمت کررہے ہیں جب کہ اکثریت مہنگائی کے طوفان کو انتظامیہ کی نااہلی قرار دے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر لوگوں نے واقعہ کے ردعمل میں کہا کہ جب نرخ مقرر ہو جاتے ہیں تو اس پر عمل کرانا انتظامیہ ہی کا کام ہوتاہے لیکن وہ ٹھنڈے کمروں سے باہر نہیں نکلتے ہیں اسی لئے فروٹ، سبزی سمیت ہر چیز مارکیٹ میں مہنگی بکتی ہے۔

جب کسی اسسٹنٹ کمشنر کی ڈیوٹی ہے تو پھر اس میں فرق نہیں پڑتا کہ وہ میل ہے یا فی میل سب کو اپنا کام کرنا ہوتاہے جس کو رش یا گرمی سے مسلہ ہو اسے اس فیلڈ میں آنا ہی نہیں چایئے۔ بعض شہریوں نے چیف سیکرٹری کے ردعمل پر بھی حیرت کااظہار کیا۔


اس قبل وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ میں رمضان بازار کا دورہ کیا اور ناقص انتظامات اور مہنگائی چیک نہ کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر کو ڈانٹ پلا ئی۔

فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر پر اظہار برہمی کیا اور خاتون افسر کو ڈانٹتے ہوئے کہا کہ تنخواہ لیتی ہیں تو فرض بھی ادا کریں، خاتون افسر نے پہلے فردوس عاشق کے رویہ پر احتجاج کیا اور پھر احتجاجاً وہاں سے چلی گئیں۔

اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف نے بھی فردوس عاشق کو منہ پر جوابات دیئے اور کہا کہ ہم روزانہ مارکیٹ میں خوار ہوتے ہیں بات آرام سے بھی کی جاسکتی ہے گرمی سے کوئی پھل خراب ہوگیا تو کوئی کیا کرسکتا ہے۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کسی نے معاون خصوصی کے رویے کو نامناسب قرار دیا تو کسی نے اسسٹنٹ کمشنر سے اظہار ہمدردی کیا۔

Comments are closed.