چوہدری نثار نے تحریک انصاف میں شامل نہ ہونے کی وجہ بتادی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے تحریک انصاف میں شامل نہ ہونے کی وجہ بتادی۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ‘آپس کی بات’ میں میزبان منیب فاروقی  سے گفتگو کر رہے تھے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ الیکشن سے کچھ عرصہ پہلے ان کی عمران خان سے ایک ملاقات ہوئی، وہ چاہتے تھے کہ میں تحریک انصاف میں شامل ہوجاؤں۔

چوہدری نثار علی خان نے پی ٹی آئی میں شامل نہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ‘میں نے سوچا کہ میں پی ٹی آئی میں شامل ہوکر حکومتی بینچز پر بیٹھا کیسا لگوں گا جہاں میاں نواز شریف، شہباز شریف اور پارٹی کے دیگر لوگوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جائے گی’۔

چوہدری نثار نے کہا کہ عمران خان کو بیٹنگ وکٹ ملی ہے جس میں نہ پیس ہے اور نہ وہ اسپن لے رہی۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو ایسی بیٹنگ وکٹ ملی جہاں انہیں صرف سیدھا کھیلنا ہے، لیکن وہ پہلے سیدھا کھیلیں تو سہی، اچھی ٹیم میدان میں اتاریں۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان کو ق لیگ کی حکومت سے بھی بہتر ماحول ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب بلا تفریق ہونا چاہیے، یہ کوئی احتساب نہیں کہ اپوزيشن کو رگڑا دے دیا جائے لیکن حکومت کے ساتھ شامل لوگوں کوپو چھا ہی نہ جاہے۔

Comments are closed.