پی ایس ایل فائی، اردو میں بھی کمنٹری ہوگی، کمنٹری پینل و براڈ کاسٹرز کا اعلان

فوٹو : پی سی بی، سوشل میڈیا

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ فائیو کے میچز کی اس دفعہ اردو میں بھی کمنٹری سنی جا سکے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ نےکمنٹیٹرز کے آفیشل پینل اور ٹیلی ویژن، انٹرنیٹ براڈکاسٹرز کا اعلان کر دیا ہے۔

پی سی بی نے کہا ہے کہ کمنٹیٹرز میں رمیض راجا، بازید خان، وقار یونس اور عروج ممتاز شامل ہوں گے۔ یہ مبصرین ہر اننگز کے دوران پانچ اوورز کے لیے اردو زبان میں تبصرے کی سہولت فراہم کریں گے۔

پی سی بی کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد کرکٹ شائقین کو لائیو کوریج کا بہتر تجربہ فراہم کرنا ہےپی ایس ایل کے فائنل اور دو ایلیمینیٹرز میچوں کے دوران کمنٹیٹرز اور کھلاڑیوں کو سپائیڈر کیمروں کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطے میں رکھا جائے گا۔

گراؤنڈ میں موجود کھلاڑی کی کمنٹیٹر سے براہ راست گفتگو کی سہولت کرکٹ شائقین کو اضافی دلچسپی مہیا کرے گی
پی ایس ایل کے دوران میچوں کی کوریج 28 ایچ ڈی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی، ان میں الٹرو موشن اور سلو موشن کیمرے بھی شامل ہوں گے۔

کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے گراؤنڈز میں سپائیڈرز کیم اور ہاک آئی بھی فعال ہوں گے، ریئل ٹائم گرافکس اور آگمینٹڈ ریالٹی ٹیکنالوجیز بھی شائقین کو محظوظ کرنے کے لیے فراہم کی جائے گی۔

میچوں کے دوران آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کے سابق کرکٹر ڈرک نینِز، جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر ایچ ڈی ایکرمن، انگلینڈ کے سابق کرکٹر مارک بُچر، ڈومِنک کورک اور جنوبی افریقہ کی خاتون کمنٹیٹر کاس نائیڈو پہلی بار کمنٹری کریں گے۔

پی ایس ایل کے گزشتہ سیزنز میں میچ کے دوران تبصرے کرنے والے ڈینی موریسن، مائیکل سلیٹر، ایلن ولکنز اورجونٹی رھوڈز کو کمنٹری پینل میں برقرار رکھا گیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 15 فروری تک طے پانے والے براڈکاسٹرز کی فہرست بھی جاری کی ہے جو دنیا کے مختلف حصوں میں پاکستان سپر لیگ کی نشریات مہیا کریں گے جو کہ درج ذیل ہیں.

برطانیہ: ٹیلی ویژن پر ہم مصالحہ اور انٹرنیٹ پر کرکٹ گیٹ وے ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ
یورپ میں: انٹرنیٹ لائیو سٹریمنگ  کرکٹ گیٹ وے ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ
امریکہ: ٹیلی ویژن پر ولو ٹی وی اور انٹریٹ پر کرکٹ گیٹ وے ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ
کیریبیئن: ٹیلی ویژن پر فلو سپورٹس جب کہ انٹرنیٹ پر کرکٹ گیٹ وے ڈاٹ کام اور فلو سپورٹس ڈاٹ کو
کینیڈا: ولو ٹی وی اور لائیو سٹریمنگ کرکٹ گیٹ وے ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ

انڈیا: لائیو سٹریمنگ کرکٹ گیٹ وے ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ
بنگلہ دیش: ریبیٹ ہول پر لائیو سٹریمنگ مہیا ہو گی
سری لنکا: کرکٹ گیٹ وے ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ
آسٹریلیا: بی ان اور کرکٹ گیٹ وے ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ
نیوزی لینڈ: سکائی اور کرکٹ گیٹ وے ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ
ملائیشیا: ایسٹرو

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور خلیجی ریاستیں:اتصالات، زو جب کہ کرکٹ گیٹ وے ڈاٹ کام اور کرک وک پر
دیگر مشرق وسطی اور شمالی امریکہ: کرکٹ گیٹ وے ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ
قطر: ووڈا فون
جنوبی افریقہ سمیت تمام افریقی ممالک: کرکٹ گیٹ وے ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ
اوپر ذکر نہ کیے گئے ایشیا کے دیگر ممالک میں پی ایس ایل میچوں کی ہائی لائٹس ’بی ان‘ پر میسر ہوں گی جب کہ لائیو سٹریمنگ کرکٹ گیٹ وے ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ پر مہیا ہو گی۔

تمام 34 میچز پہلی بار پاکستان میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔ کراچی میں افتتاحی تقریب اور پہلا میچ جب کہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 20 فروری سے 22 مارچ تک ہونے والے ٹورنامنٹ کی ملتان اور راولپنڈی بھی میزبانی کریں گے۔

Comments are closed.