پیپلز پارٹی کی قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، اجلاس کل تک ملتوی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو زرداری سے پہلے وزیرریلوے شیخ رشید کو تقریر کی اجازت ملنے پر پیپلزپارٹی کا شدید احتجاج اور ہنگامہ آرائی کی گئی جس پر ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس کل تک ملتوی کردیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے سابق صدر اور شریک چیئرمین آصف زرداری کی گرفتاری کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔

اس موقع پر رہنما پی پی شازیہ مری نے کہا کہ ہمارے ساتھ امتیازی سلوک ہو رہا ہے اور پیپلزپارٹی کو توڑا جا رہا ہے، اسپیکر کسٹوڈین کی حیثیت سے کام کریں اور آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔

رہنما پی پی شازیہ مری نے کہا کہ بطور اسپیکر ارکان کا تحفظ آپ کا فرض ہے، حکومت کے خلاف بات کرنے والے پر کارروائی کی جاتی ہے، کہیں بات نہیں کرنے دی جا رہی، یہ کیسی جمہوریت ہے۔

بعد ازاں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پہلے وزیرریلوے شیخ رشید کو تقریر کا موقع دینے پر پیپلزپارٹی کے اراکین اسمبلی نے اسیپکر ڈائس کا گھیراو کیا اور شدید احتجاج و ہنگامہ آرائی کی۔

اس دوران ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری انہیں بار بار منع کرتے رہے لیکن پیپلزپارٹی کے اراکین نے شیخ رشید کو بات کرنے کا موقع نہیں دیا جس پراجلاس کل تک ملتوی کردیا گیا۔

Comments are closed.