پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں سرکاری اعزازات کی تقاریب


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)صوبہ خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ میں بھی مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات کی حامل شخصیات کو سرکاری اعزازات سے نوازا گیا۔

گورنر ہاوس پشاور میں یومِ پاکستان کے موقع پر تقسیم اعزازات کی تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان نے یومِ پاکستان کے موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات کی حامل شخصیات کو سرکاری اعزازات سے نوازا۔

گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان نے صوبے کی 10 شخصیات کو اعزازات سے نوازا، پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف خان کو فنون آرکیالوجی اور پروفیسر ڈاکٹر یار محمد مغموم کو ادب کے شعبہ میں،فیاض خان خیشگی کو فنون گلوکاری میں مثالی خدمات پر صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر رئیسہ بیگم گل کو شعبہ تعلیم و نرسنگ میں مثالی خدمات پر صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی اور گلوکارہ مہہ جبین قزلباش (مرحومہ) کو صدارتی ایوارڈ حسن کارکردگی دیا گیا، جن کے بیٹے نے یہ ایوارڈ وصول کیا۔

پروفیسر اباسین یوسفزئی کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا، ڈاکٹر یاسرمحمود یوسفزئی کو شعبہ طب، جاوید منصور بابر کو فنون اداکاری جبکہ پروفیسر ڈاکٹر شہزاد اکبر خان کو خدماتِ عامہ کے شعبہ میں صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔

ادھر صوبہ سند ھ میں گورنر ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کی حامل شخصیات کو سول اور صدارتی ایواراڈز سے نوازا ہے۔

گورنر سندھ نے تعلیم کے شعبہ میں پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی مرحوم، شعبہ فنون و اداکاری میں طلعت حسین، شعبہ خدمات عامہ میں مرحومہ سسٹر روتھ فاؤ، پروفیسر ریٹائرڈ ڈاکٹر خالد محمود اور سبینہ مہتاب کھتری اور شعبہ انسان دوستی میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر عدنان علی کو ستارہ امتیاز کے اعزاز سے نوازا ۔

صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی پانے والوں میں شعبہ فنون و اداکاری میں سکینہ سموں، شعبہ فنون و آرٹ میں ذوالفقار علی لوند، شعبہ فنون و مصوری میں عبد القدوس عارف، شعبہ فنون و ادب میں مہتاب محبوب شامل تھے۔

تمغہ امتیاز شعبہ تعلیم میں پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد، شعبہ تعلیم اور ہیلتھ سائنسز میں پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی، شعبہ فنون و اداکاری میں عبد الماجد جہانگیر، شعبہ خدمات عامہ میں ڈاکٹر سید فیصل محمود اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے محمد اسلم کو دیا گیا۔

گورنر ہاؤس پنجاب میں 18 اہم شخصیات کو بہترین کارکردگی پر سول ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اعزازات سے نواز ، اور کہا کہ مختلف شعبوں میں ملک کا نام روشن کرنے والے قوم کے ہیروز ہیں۔

گورنر پنجاب نے تمام اہم شخصیات کو سول ایوارڈ سے نوازا۔ اس موقع پر نامور ٹی وی میزبان نعیم بخاری کورونا کے باعث ستارہ امتیاز وصول نہ کر سکے جبکہ فاروق شہباز بھی کورونا ہونے کی وجہ سے ستارہ امتیاز کا ایوارڈ لینے نہیں آ سکے۔

گورنر پنجاب نے نامور لیگ اسپنرعبدالقادر مرحوم کو بعداز موت ستارہ امتیاز سے نوازا۔ عبدالقادر مرحوم کا ایوارڈ ان کی اہلیہ نے وصول کیا،
نامور قوال سنتو قوال کو بھی صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

گورنر پنجاب نے ماہر قانون احمد عرفان اسلم کو بھی ستارہ امتیاز سے نوازا۔ محمد باقر نقاش کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ محمد شفیق کو بہترین فن خطاطی اور آرٹ پر صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

Comments are closed.