پشاور، قیوم سٹیڈیم میں آج خواتین میلہ سجے گا

پشاور(زمینی حقائق ڈاٹ کام ) صوبائی دارالحکومت پشاور میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے آج خواتین میلہ منعقد کیا جارہا ہے.

گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق قیوم سٹیڈیم میں ہونے والے اس میلے میں خواتین کی سرگرمیوں کیلئے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائیگا،جبکہ خواتین کی ہاتھوں کے بنی ہوئی اشیاء کے سٹالز لگائے جائیں گے.

اس موقع پرمختلف کالجز کی طالبات کے مابین کبڈی،بیڈمنٹن،رسہ کشی ،اتھلیٹکس، میوزیکل چیئر، ارچری، بوری ریس،ٹیبل ٹینس ودیگر کھیلوں کے مقابلے ہونگے۔

اس حوالے سے ڈی جی سپورٹس اسفندیار خٹک کی ہدایت پر دائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی کی قیادت میں خواتین پر مشتمل آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے.

خواتین میلے کے سلسلے میں گزشتہ روز ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی کی زیر صدارت آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں خواتین کوچز آمنہ خان، فاطمہ،بشریٰ ،سائرہ خان سمیت کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رشیدہ غزنوی نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اس دن کو بھر پور انداز میں منانے کیلئے یوتھ ڈیپارٹمنٹ اور سپورٹس ڈائریکٹریٹ خیبر پختونخوا نے بہترین انتظامات کئےہیں.

قیوم سٹیڈیم کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے ، سٹیڈیم کے احاطے میں ہاتھوں سے بنی مختلف اشیاء کے سٹالز لگائے گئے ہیں اسکے علاوہ خواتین کی دلچسپی کیلئے مختلف پروگرام کا انعقاد ہوگا.

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اس دن کی مناسبت سے اس طرح کا ایک بہترین پروگرا م رکھا گیا ہے جس میں یقیناً خواتین دلچسپی لیں گی اور اسے خوب انجوائے کریں گی.

انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں انہیں زندگی کی تمام تر سہولیات کی فراہمی کیساتھ ساتھ تفریح فراہم کرنا بہت ہی ضروری ہے ۔

رشیدہ غزنوی نے آرگنائزنگ کمیٹی کی تمام اراکین کو اپنی ذمہ داریاں سونپ دیں اور ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اپنی زمہ داریاں بہتر انداز میں انجام دیں تا کہ اس تقریب کو کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکے۔

Comments are closed.