پاکستان ٹیم جیت کے قریب پہنچ کر12رنز سے ہار گئی

اسلام آباد(زمینی حقائق)پاکستان ٹیم سخت مقابلے کے بعد انگلینڈ کے ہاتھوں12رنز سے ہار گئی، سرفرازاحمد آخر تک وکٹ پر موجود رہنے کے باوجود بڑے شارٹس کھیلنے میں ناکام رہے۔

پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی جو بہت مہنگی ثابت ہوئی، انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ پچاس اووز میں تین وکٹوں کے نقصان پر373رنز کا پہاڑ جتنا ٹارگٹ دیا۔

انگلینڈ کی طرف سے جے رائے نے87، برسٹو51، روٹ40، مورگن نے48بالوں پر71جب کہ بٹلر نے صرف55بالز پر110رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستانی باولرز کو انگلش بیٹسمینوں کی پٹائی کا سامنا کرنا پڑا۔ شاہین آفرید ی نے ایک وکٹ کیلئے80اور حسن علی نے ایک وکٹ کیلئے81رنز دیئے، تیسری وکٹ یاسر شاہ کے حصے میں آئی۔

فہیم اشرف 69رنز دے کر خالی ہاتھ رہے۔جواب میں پاکستانی اوپنرز نے 94رنزکاآغاز فراہم کیا، امام الحق 35رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

فخرزمان اور بابر اعظم میں بھی سنچری پارٹنر شپ ہوئی لیکن بابر اعظم51رنز پر آوٹ ہو گئے۔ بعد میں فخر زمان بھی 106بالز پر138رنز بنا کرآوٹ ہوگئے ان کی اننگز میں چار چھکے شامل تھے۔

آصف علی کی تیز اننگز کے بعد ایک بار پھر امید ہو گئی تھی کہ پاکستان آج ریکارڈ بنانے جارہا ہے اور ہدف حاصل کر لے گا لیکن اس دوران ان کے ساتھ کھیلنے والے سرفراز احمد مطلوبہ رفتار سے سکور نہ کرسکے۔

آصف علی 36بالوں پر4چھکوں کی مدد سے51رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ عماد وسیم آٹھ رنز بنا کر چلتے بنے جب کہ آل راونڈر کہلانے والے فہیم اشرف ایک بار پھر بلے بازی کے جوہر نہ دکھاسکے۔

حسن علی 4اور کپتان سرفراز 41رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ سرفراز کی اننگز میں صرف دو چوکے شامل تھے۔ ڈی ویلے اور پلنکٹ نے دو
، دو وکٹیں حاصل کیں۔

مجموعی طور پر قومی ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی اور 374کے ہدف کے حصول میں ناکامی کے باوجود پاکستان نے سات وکٹوں پر 361رنز بنا ئے۔

Comments are closed.