پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 28 رنز سے ہرا کر میچ اور سیریز جیت لی

سنچورین(سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے تیسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کو کو 28 رنز سے شکست دے کر میچ اور ونڈے سیریز جیت لی.

پروٹیز 321 رنز کے تعاقب میں292 رنز بنا سکے، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فخرزمان کی سنچری اور بابراعطم کی 94 رنز کی اننگز کی بدولت مقررہ اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 320 رنز بنائے.

جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈم مارکرم اور جانے من ملان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ماکرم 18 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد جے جے سمٹ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی 17 رنز پر آؤٹ ہوگئے.

کپتان ڈمبا باووما 20 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، ہینری کلیسن کی اننگز صرف 4 رنز تک محدود رہی، ملان نے کیلی ویرینا کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم ملان 70 رنز پر آؤٹ ہو گئے.

بعد میں ویرینا نے پلہلکوایا کے ساتھ ملکر 108 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ حارث رؤف نے 44ویں اوور میں ویرینا کو 60 رنز پر آؤٹ کرکے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔

پلہکوایا کی ہمت بھی 54 رنز پر جواب دے گئی جس کے بعد جنوبی افریقہ کی باقی وکٹیں وقفہ سے گرتی رہیں، جنوبی افریقہ کی ٹیم آخری اوور میں 292 رنز پر آؤٹ ہو گئی، شاہین شاہ، محمد نواز نے 3،3 حارث روف نے 2 اور حسن علی اور عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی.

اس سے قبل قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان کی اوپننگ جوڑی میدان میں اتری، دونوں نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 112 رنز کی شراکت قائم کی۔ امام الحق 57 رنز بنانے کے بعد کیشیو مہاراج کی شکار بنے۔

فخرزمان نے اپنی فارم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بابراعظم کے ساتھ بھی اہم شراکت قائم کی اور کیریئر کی ایک اور سنچری بناڈالی جس میں 3 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے جب کہ بابراعظم نے 94 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ اننگز کی آخری گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے اور اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے۔

محمد رضوان، 2، سرفراز احمد 13، فہیم اشرف ایک، محمد نواز 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تاہم حسن علی نے 49ویں اوور میں اسپنر جے جے سمٹس کو 4 چھکے رسید کیے وہ 11 گیندوں پر 32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کیشو مہاراج نے 3، ایڈن مارکرم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

Comments are closed.