پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

نیپئر: پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹ سے شکست دے دی سیریز 1-2 سے میزبان ٹیم کے نام رہی۔

نیپئر میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 173 رنز بنائے تھے.

جواب میں پاکستان نے محمد حفیظ اور محمد رضوان کی اچھی بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف 2 گیندیں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا محمد افتخار نے فلک شگاف چھکا لگا کر میچ جتوادیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور حیدر علی نے ٹیم کو 40 رنز پراعتماد آغاز فراہم کیا، حیدر علی 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے محمد حفیظ 41 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

خوشدل شاہ بھی صرف 13 رنز بنا سکے ، فہیم اشرف بھی صرف 2 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے، پاکستان کو جیت کے لیے 3 گیندوں پر 3 رنز درکار تھے جب افتخار احمد نے چھکا لگاکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور وکٹ پر ڈٹے رہے، وہ آخری اوور میں 59 گیندوں پر 89 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل ہیں۔

اس سے قبل ٹاس قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ مارٹن گپٹل اور ٹم سیفرٹ نے ٹیم کو 40 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا.

گپٹل 19 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد کپتان کین ولیمسن بیٹنگ کے لیے آئے لیکن فہیم اشرف نے انہیں بھی جلد واپس پویلین بھیج دیا، وہ صرف 1 رنز بناسکے۔

پاکستانی بولرز نے اچھی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیوی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا، پچھلے دونوں میچوں کے ہیرو ٹم سیفرٹ بھی 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، گلین فلپس 31 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے۔

جمی نیشام صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے البتہ ڈیون کونوئے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور آخری اوورز میں جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو اچھا ٹوٹل فراہم کیا۔ وہ 45 گیندوں پر 63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

قومی ٹیم میں کپتان شاداب خان، محمد رضوان، حیدر علی، محمد حفیظ، حسین طلعت، خوشدل شاہ، افتخار احمد ، فہیم اشرف، محمد حسنین، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔

کیوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ان کی ٹیم کین ولیمسن کی قیادت میں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ مارٹن گپٹل، ٹم سیفرٹ، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمز نیشام، کائل جمیسن، اسکاٹ کوگلین، آئش سودی، ٹم ساوتھی، اور ٹرینٹ بولٹ پر مشتمل تھی۔

Comments are closed.