پاکستان نے تیسرا ٹی ٹوئنٹی جیت کر سیریز برابر کردی

فوٹو: انگلینڈ میڈیا

مانچسٹر: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 5رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز برابر کردی،محمد حفیظ کا بلا ایک بار پھر خوب چلا۔ حیدر علی نے بھی پہلے ہی میچ میں ففٹی بنا ڈالی۔

ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا میچ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی،پاکستانی اوپنر فخر زمان دوسرے ہی اوور میں معین علی کے ہاتھوں بولڈ آوٹ ہوگئے۔

حیدر علی نے دوسری ہی گیند پر چھکا جڑ کر خطرناک عزائم ظاہر کردیے۔ بابر اعظم نے ثاقب محمود کو مسلسل 3 چوکے لگائے۔ کپتان نے 21 رنز بنائے تھے کہ ٹام کیوران کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

محمد حفیظ کے جوائن کرنے پر حیدر علی نے پْراعتماد بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کئی چوکے لگائے، حفیظ نے عادل رشید کے اوور میں 2 چھکے جڑے۔ حیدر علی کی ففٹی 28 گیندوں پر مکمل ہوئی۔ وہ ڈیبیو پر یہ کارنامہ سرانجام دینے والے پہلے پاکستانی بنے۔

محمد حفیظ نے ایک بار پھر عادل رشید کی پٹائی کرتے ہوئے 50 کا سنگ میل 31 گیندوں پر عبور کیا۔ حیدر علی 33 گیندوں پر 54 کی اننگز کھیل کر کرس جورڈن کی گیند پر بولڈ ہوئے تو ٹیم کا ٹوٹل 132 تھا۔ اسی کے ساتھ دوسری وکٹ پر 100 رنزکی شراکت کا خاتمہ ہوا۔

شعیب ملک کی جگہ کپتان نے شاداب خان کو بھیجا مگر وہ خاطر خواں بیٹنگ کا مظاہر ہ نہ کرسکے اور 11بالز پر15رنز بنا کر آوٹ ہو گئے،
محمد حفیظ کو 80 رنز پر ایک موقع ملا، کرس جورڈن کی گیند پر کپتان ایون مورگن نے مشکل کیچ ڈراپ کردیا۔ پیسر نے اسی اوور میں شاداب خان کو آوٹ کیا۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹ پر 190 کا مجموعہ حاصل کیا، محمد حفیظ 86 اور عماد وسیم 6 پر ناقابل شکست رہے۔ انگلش بالرز میں جارڈن نے دو جبکہ معین علی اور کیورن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Comments are closed.