پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کیلئے349رنز کا ہدف دے دیا

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک ) پاکستان نے ورلڈ کپ میں اپنے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 349 رنز کا ہدف دے دیا۔

ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستانی اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 82 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان 36 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان 21 ویں اوور میں ہوا جب معین علی کی گیند پر کرس ووکس نے امام الحق کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا، انہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کو تیسرا نقصان 199 کے مجموعے پر ہوا جب بابر اعظم معین علی کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہوئے، انہوں نے 63 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔

محمد حفیظ نے بھی 62 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ آصف علی 14 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔

کپتان سرفراز احمد نے 55 رنز بنائے، انہیں کرس ووکس نے اپنی ہی گیند پر کیچ آوٴٹ کیا،پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز اسکور کئے۔

انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے تین، مارک ووڈ اور کرس ووکس نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ حسن علی اور شاداب خان دس دس رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

Comments are closed.