ثناء میر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا


فوٹو:فائل

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) 137میچوں میں پاکستان ویمن ٹیم کی کپتانی کرنے والی سابق کپتان ثناء میر نے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

آج جاری ہونے والے ایک بیان میں ثناء میر نے کہا کہ گذشتہ چند مہینوں نے مجھے ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچنے کا بھرپور موقع فراہم کیا اور میرے نزدیک زندگی میں آگے بڑھنے کا یہی بہترین وقت ہے۔

ثنا ء میر نے ٹوئٹر پر کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز اور گرین جرسی زیب تن کرنا قابل فخر لمحہ ہوتا ہے، اب یہ وقت آگے بڑھنے کا ہے، انشائاللہ خ مت کا یہ سلسلہ کسی اور انداز میں جاری رہے گا، پاکستان زندہ باد۔

ثنا ء میر کو آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کی ٹیم سے ڈراپ کیا تھا ٹیم میں ان کے شامل نہ ہونے پر کپتان بسمعہ معروف نے بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا، خود ثناء میر نے سوشل میڈیا پر چیف سلیکٹر عروج ممتاز پر تنقید کی تھی۔

سابق کپتان کاکہنا تھا کہ یقین ہے کہ میں ملک اور کھیل کے لیے بہترین کردار ادا کرنے میں کامیاب رہی ہوں، اپنے کرکٹ کیرئیر کے دوران میں خواتین کرکٹ کی چند بہترین کھلاڑیوں سے ملی اور ان سے گہری دوستی قائم ہوئی۔

ثناء میر نے کہا ان کھلاڑیوں کی کہانیاں اور فلسفے نے نہ صرف مجھے ایک مضبوط ایتھلیٹ بننے میں مدد کی بلکہ انہیں ایسا سبق دیا جو ہار، جیت یا کھیل سے منفرد ہے۔

انٹر نیشنل کرکٹ کو خیر باد کہنے والی ثناء میر کا شمار خواتین کرکٹ کی بااثر کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، ماضی میں کئی کوچز نے ان پر ٹیم میں گروپنگ کا الزام لگایا لیکن پی سی بی نے ٹیم انتظامیہ کی رپورٹس کو ہمیشہ نظر انداز کیا۔

پی ایس ایل کے دوران پی سی بی نے ثناء میر کی خدمات ماہرانہ تبصروں کے لیے حاصل کی تھیں جب کہ اکتوبر 2018 میں ثناء میر نے آئی سی سی ویمنز ایک روزہ بولروں رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

ثناء میر کا شمار ان 9 خواتین کرکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 100وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 1000 رنز بنائے،اس فہرست میں آسٹریلیا کی لسا اسٹالیکر کا پہلا نمبر ہے، انہیں وزڈن ویمنز ٹیم آف ڈیکیڈ کی کپتان نامزد کیا گیاتھا۔

ثناء میر کے ساتھ ساتھ پی سی بی نے بھی ہفتے کو اعلان کیا کہ ثناء میر نے آج اپنے 15 سالہ شاندار کرکٹ کیرئیر کو خیر آباد کہہ دیا ہے، ثناء میر نے2005-19تک 226 بین الاقوامی میچ کھیلے، 137 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی۔

ثناء میر نے اپنے ایک روزہ کرکٹ کیرئیر کا آغاز دسمبر 2005، کراچی میں سری لنکا کے خلاف کیا جب کہ آخری ایک روزہ میچ نومبر2019، لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا۔

سابق کپتان نے 120 ایک روزہ میچوں میں 151 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 1630 رنز بنائے،ریٹائرمنٹ اعلان پر آئی سی سی کی جانب سے بھی ثناء میر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نوجوان خواتین کھلاڑیوں کے لیے انھیں رول ماڈل قرار دیا گیا ہے۔

Comments are closed.