پاکستان ویسٹ انڈیز میچ آج ڈھائی بجے

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) آج پاکستان ویسٹ انڈیز کے ساتھ میچ سے ورلڈ کپ مشن کا آغاز کرے گا۔

ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، میچ سے قبل ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں گرین شرٹس نے بھرپور ٹریننگ کی۔

کھلاڑیوں نے نیٹ پر بیٹنگ کی خوب پریکٹس کی جبکہ محمد عامر بھی مکمل ردہم کے ساتھ بولنگ کرتے رہے۔

پہلے میچ کیلئے پاکستان کے 12 رکنی اسکواڈ کو منتخب کر لیا گیا ہے جبکہ فائنل الیون کا فیصلہ پچ اور کنڈیشنز کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

پاکستانی اننگز کی شروعات فخر زمان اور امام الحق کریں گے ، پھر بابر اعظم ، محمد حفیظ ، سرفراز احمد آئیں گے اور بیٹنگ کے جوہر دکھائیں گے۔

ناٹنگھم میں پریس کانفرنس میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ عامر مکمل فٹ ہیں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے لیے دستیاب ہیں۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے اور امید ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں شکستوں کے تسلسل کو توڑیں گے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کریں گے لیکن اگر ڈیتھ اوورز میں بیٹنگ کرنا ہوا تو بیٹنگ آرڈر مختلف ہوسکتا ہے۔

پاکستان سے مقابلے کیلئے ویسٹ انڈین ٹیم نے بھی ناٹنگھم میں جم کر پریکٹس کی، حریف ٹیم میں کرس گیل ، ڈیرن براوو، شائی ہوپ سب فارم میں ہیں، جیسن ہولڈر اور آندرے رسل بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی کمال دکھاتے ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

Comments are closed.