پارک انکلیو میں سی ڈی اے نے ترقیاتی کام شروع کردیا

اسلام آباد(زمینی حقائق) پارک انکلیو میں سی ڈی اے نے چار سال بعد ترقیاتی کام دوبارہ شروع کر دیا ہے۔

ترقیاتی سرگرمیوں میں التواء کے باعث پارک انکلیو بھی سی ڈی اے کا ایک تعطل کا شکار منصوبہ بن چکا تھا تاہم حکومت کی ہدایات کے مطابق اسلام آباد کے تمام زیر التواء سیکٹروں میں ترقیاتی سرگرمیوں کو بحال کیا جا رہا ہے۔

پہلے مرحلے میں پارک انکلیو ون – میں ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ شہریوں نے یہاں اربوں روپے کے عوض پارک انکلیو میں پلاٹ حاصل کیے تھے۔

2010 میں شروع کیے جانے والے اس منصوبے پر ترقیاتی کام مکمل نہ کیے جا سکے۔تقریباًچار سال سے رکے ہوئے ترقیاتی کاموں کو اب با قاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے خصوصی طور پر پارک انکلیو میں تعمیر کیے جانے والے رابطہ پْل پر شروع کیے گئے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔

پارک انکلیو میں تعمیر کیے جانے والے اس پْل کا تخمینہ 130 ملین روپے لگایا گیا تھا ، اس پْل کا کنٹریکٹ 86 ملین روپے میں ایوارڈ کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے سی ڈی اے کے افسران اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ترقیاتی کام مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تسلسل ہے جن میں سے کچھ ابھی پائپ لائن میں ہیں اورمتعدد منصوبوں کے اشتہارات جاری کیے جا چکے ہیں ۔

انھوں نے کہامزید منصوبوں کے ٹینڈرز آنے والے دنوں میں جاری ہوں گے، مرحلہ وار شہر میں ترقیاتی کام شروع کیے جائیں گے۔

Comments are closed.