چاروزارتوں میں ردوبدل، اعجاز شاہ کی جگہ شیخ رشید وزیر داخلہ

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم نے وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کرکے کچھ وزرا کے قلمدانوں میں ردو بدل کیا ہے شیخ رشید احمد کو وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدن سونپ دیا گیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق آج وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھانے والے ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کو وفاقی وزیر خزانہ کا قلمدان دیا گیا ہے جبکہ وزارت ریلوے اعظم سواتی کو دے دی گئی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چند وفاقی وزرا کے قلمدانوں میں تبدیلی کی منظوری دی ہے جن کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

وزیر برائے انسداد منشیات اعظم سواتی کو وزیر ریلوے اور موجودہ وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کو وزیر انسداد منشیات کا عہدہ تفویض کیا گیا ہے۔

حفیظ شیخ اس سے قبل وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ کے عہدے پر فائز تھے جنہوں نے آج ہی وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، عبدالحفیظ شیخ منتخب رکن اسمبلی نہیں ہیں اور وزیر اعظم نے آئین کی دفعہ 91 کی شق 9 کے تحت انہیں وزیر کا منصب تفویض کیا ہے۔

وفاقی کابینہ میں رواں برس اپریل میں بھی تبدیلی کی گئی تھی جس کے تحت خسرو بختیار کو وفاقی فوڈ سیکیورٹی کی وزارت سے ہٹا کر اقتصادی امور، حماد اظہر کو اقتصادی امور کی جگہ وزارت صنعت جبکہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین فخر امام کو وزارت غذائی تحفظ دی گئی تھی۔

Comments are closed.