وزیراعظم سے پاکستان کی سکھ اور ہندو کمیونٹی کے نمائندوں کی ملاقات

اسلام آباد (زمینی حقائق )وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ماضی میں متروکہ وقف املاک بورڈ میں جو کرپشن ہوئی اس کا فوری خاتمہ کرنے کے لیے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی جا رہی ہے ۔

اسلام آباد میں پاکستان کی سکھ اور ہندو کمیونٹی کے نمائندوں سےملاقات میں وزیراعظم نے کہاکہ ٹاسک فورس متروکہ وقف املاک بورڈ کی تنظیم نو کے لئے اپنی سفارشات حکومت کو دے گی تاکہ اس ادارے میں کرپشن کا سد باب کیا جا سکے اور مزاروں کی مناسب دیکھ بھال کی جا سکے ۔

ملاقات میں ڈاکٹر رمیش کمار ، سردار منندر پال سنگھ ، سردار تارا سنگھ اور روی کمار شامل تھے ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری ،اورمعاون خصوصی نعیم الحق بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ مقصد وزیراعظم کے اقلیتی برادری ، متروکہ املاک کے حوالے سے ویژن پر سکھ اور ہندو کمیونٹی کے نمائندوں کو مشاورتی عمل میں اعتماد میں لینا تھا ۔

وزیراعظم نے سکھ اور ہندو کمیونٹی کے نمائندوں کو اب تک کے حکومتی فیصلوں کے بارے میں آگاہ کیا اور ان سے مختلف تجاویز پر گفتگو کی ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور فلاح و بہبود اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ اس ضمن میں حکومت اقلیتی برادری کی مکمل مشاورت سے بھرپور اقدامات کرےگی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی حفاظت کی مکمل ضمانت دیتا ہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ متروکہ وقف املاک کے پالیسی معاملات ایک بورڈ آف مینجمنٹ کے سپرد کیے جائیں گے جس میں سکھ اور ہندو کمیونٹی کے نمائندے بھی شا مل ہونگے ۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بورڈ آف مینجمنٹ متروکہ وقف املاک کے چیئرمین کا تقرر شفاف اور مسابقتی طریقے سے کیا جائے گا۔

پچھلی حکومتوں میں چیئرمین کو سیاسی بنیادوں پر تعینات کیا جاتا تھا۔ سیکرٹری مذہبی امور نے اجلاس کو بتایا گیا کہ بورڈ کا کام گوردواروں اور مندرں کی دیکھ بھال،اثاثوں کا انتظام ، مذہبی سیاحت کا فروغ،تعلیم ، صحت اور شیلٹر ہومز کے پالیسی امور کی نگرانی ہوگا ۔

سکھ اور ہندوکمیونٹی کے نمائندوں نے وزیراعظم عمران خان کا متروکہ وقف املاک بورڈ اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اپنا وژن شیئر کرنے اور اقلیتی برادری سے مشاورت کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ۔

Comments are closed.