چین نے مولانا مسعود اظہر کیخلاف سلامتی کونسل کی قرارداد ویٹو کردی

نیویارک(نیٹ نیوز)چین نے سلامتی کونسل میں مختلف ممالک کی جانب سے مولانا مسعود اظہر کوعالمی دہشت گرد قرار دینے کی قرارداد کو روک دیا۔

اس حوالے سے غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سلامتی کونسل میں کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہرکے خلاف قرارداد پراعتراض کی ڈیڈلائن ختم ہونے کا آج آخری دن تھا۔

فرانس، امریکا، برطانیہ نے مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی قرارداد پیش کی تھی تاہم چین نے سلامتی کونسل میں مسعود اظہر کے خلاف قرارداد کو ویٹو کردیا۔

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے ہمیشہ ذمے دارانہ رویے کا مظاہرہ کیا ہے اور ہمیشہ مناسب موٴقف اپنایا، مسعود اظہر کے خلاف قرارداد پرفریقین سے رابطے میں رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیاہے کہ ہمارا موٴقف ہے کہ اس مسئلے پرمتعلقہ اداروں کو قوانین اورطریقہ کارکی پیروی کرنی ہوگی، اور تمام فریقین کے لیے قابل قبول حل مسئلے کامناسب حل ہوگا۔

Comments are closed.