ن لیگ استعفوں اور لانگ مارچ سے دستبردار، سینیٹ الیکشن میں واپس آگئی

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) حکومت کو دئیے گئے استعفوں کی ڈیڈ لائن اور فروری میں لانگ مارچ سے پیچھے ہٹ گئی سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔

یہ فیصلہ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس میں کیا گیا، نائب صدر (ن) لیگ مریم نواز نے فیصلے سے پارلیمانی پارٹی کو آگاہ کردیا ہے جب کہ پارلیمانی پارٹی ارکان نے فیصلے کی حمایت کی۔

مریم نواز نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو قومی اور عوامی ایشوز پر ٹف ٹائم دیا جائے گا، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے.

اس سے قبل مریم نواز نے استعفے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 31 جنوری کو آر یا پار ہوگا تاہم اب مریم نواز نے کہا ہے کہ پارلیمان میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ استعفوں کا فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی اور پی ڈی ایم کا فیصلہ تمام جماعتیں تسلیم کریں گی، حکومت سے اب کوئی بات نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگی ارکان ثابت قدم پر شاباشی کے مستحق ہیں، ن لیگ کے شیروں کو کوئی ڈرا نہیں سکتا جب کہ راتوں رات پارٹیاں بنانے اور وفاداریاں بدلنے کا وقت گزر گیا۔

واضح رہے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی پارلیمنٹ کے اندر تحریک عدم اعتماد لانے اور سینٹ الیکشن لڑنے کا اعلان کر چکے ہیں ن لیگ کے پاس سوائے سینیٹ الیکشن کے حکومت گرانے کا کوئی آپشن بچا ہی نہیں ہے.

Comments are closed.