میتیں دفنائیں آج ہی کوئٹہ جاوں گا، مشروط تدفین بلیک میلنگ ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ ہزارہ برادری آج تدفین کرے آج ہی کوئٹہ آجاؤں گالیکن میتوں کی تدفین کووزیراعظم کی آمد سے مشروط کرنا مناسب نہیں ہے۔

اسلام آباد میں اسپیشل اکنامک زونز کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں ہزارہ کمیونٹی پر سب سے زیادہ ظلم ہوا، جتنا ظلم ان پر ہوا پاکستان میں کسی پر نہیں ہوا.

انھوں نے کہا کہ مچھ میں ہزارہ کمیونٹی کے گیارہ افراد کو بڑی بے دردی سے قتل کیا گیا، ہمارے ہزارہ کے لوگ بڑی مشکل میں بیٹھے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مچھ واقعہ اس سازش کا حصہ ہے جسے میں نے پہلے بتایا تھا، بھارت پاکستان میں فرقہ وارانہ انتشار پھیلانا چاہتا ہے، کراچی میں علماء کا قتل بھی اسی سازش کا حصہ ہے.

انھوں نے کہا کہ خفیہ ایجنسیوں نے چار بڑے واقعات کو رونما ہونے سے روکا، کابینہ میں بتایا تھا کہ علما کو قتل کرکے انتشار پھیلایا جائیگا، بڑی مشکل سے ہم نے یہ آگ بجھائی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مچھ میں جب واقعہ ہوا تو وزیر داخلہ سمیت اپنے دو وفاقی وزیروں کو وہاں بھیجا، پوری قوم اور حکومت ہزارہ برادری کے ساتھ کھڑی ہے.

میں نے یقین دہانی کرائی کہ ہم ان کا دھیان رکھیں گے، کل تک ہم ان کے تمام مطالبے بھی مان چکے ہیں، لیکن ہزارہ برادری کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم آئیں تو لاشیں دفنائیں گے.

دنیا میں کہیں اس طرح وزیراعظم کو بلیک میل نہیں کیا جاتا، ہزارہ برادری آج میتیں دفنائیں میں گارنٹی دیتا ہوں کہ آج ہی کوئٹہ پہنچتا ہوں۔

Comments are closed.