مولانا کا رہائی کے بعد شہباز شریف سے پہلا ٹیلی فونک رابطہ


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔

مولانا فضل الرحمان نے شہبازشریف کو رہائی پر مبارک باد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا اور انھیں اپوزیشن اتحاد کا اجلاس بلانے کے حوالے سے اعتماد میں لیا ہے۔

اس موقع پرشہبازشریف نے مولانا فضل الرحمن کا شکریہ ادا کیا اور ان کی مزاج پرسی کی، دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی صورتحال اور پی ڈی ایم کے ایجنڈے سے متعلق امور پر بات چیت کی۔

ذرائع کے مطابق بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے کورونا وائرس کی وبا کی شدت، ملک میں آکسیجن میں کمی اور اموات کی شرح میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان شہباز شریف کی رہائی کے بعد اپوزیشن اتحاد میں مسلم لیگ ن کے صدر کی شرکت سے زیادہ مطمئن ہیں ، مولانا پیپلز پارٹی سے بلاول بھٹو اور ن لیگ سے مریم نواز کی شرکت پر ایسے مطمئن نہیں تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسری جانب شہباز شریف بھی پارٹی معاملات اب اپنے ہاتھوں میں رکھنا چاہتے ہیں پی ڈی ایم کے مشکل فیصلوں کا وقت گزر جانے کے باعث ان کیلئے اب ایڈجسٹ کرنا آسان ہے۔

Comments are closed.