عوام نماز جمعہ کیلئے مساجد نہ آئیں، گھروں میں نماز ظہر پڑھیں، علماء

ویب ڈیسک

لاہور: آج جمعہ ہے ملک بھر کے علماء و مشائخ اور پاکستان علماء کونسل نے اپیل کی ہے کہ جہاں جہاں مقامی انتظامیہ نے مہلک وائرس کے باعث عوام الناس کو جمعہ کی نماز کے لیے مساجد میں آنے سے منع کیاہے وہاں لوگ گھر پر نماز ظہر ادا کریں۔

علمائے کرام کی طرف سے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جمعۃ المبارک کے حوالے سے علماء اور مقامی انتظامیہ کا جو ضابطہ طے ہوا، اس پر مکمل طور پر عمل کیا جائے،

ان علماء میں چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر اشرفی، علامہ عبدالحق مجاہد، مولانا محمد رفیق جامی، مولانا نعمان حاشر، قاضی مطیع اللہ سعیدی، علامہ عبدالکریم ندیم، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا ابوبکر صابری، مولانا اسد زکریا قاسمی، مولانا محمد نواس، علامہ طاہرالحسن، قاری عصمت اللہ معاویہ، مولانا سید الرحمٰن سعید، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا حسین احمد درخواستی، مولانا زبیر عابد، مولانا یاسر علوی و دیگر شامل ہیں.

علما و مشائخ نے کہا ہے کہ کوئی کسی مسلمان کو مسجد میں نماز کے لیے منع نہیں کرسکتا لیکن عالمی وباء کے حوالے سے جو اطلاعات سامنے آرہی ہیں ان کے پیش نظر کراچی کے علماء اور حکومت میں جو معاہدہ طے پایا اس کی پاس داری کی جائے.

علماء کرام کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی جگہ تصادم کی صورتحال پیدا نہ کی جائے، انتظامیہ بھی تشدد سے گریز کرے اور علماء، خطبہ، آئمہ اور عوام الناس بھی ٹکراؤ کہ صورتحال پیدا کرنے کی کوشش نہ کریں۔

Comments are closed.