علی حیدر گیلانی نے ووٹ ضائع کا طریقہ بتانے کا اعتراف کرلیا

فوٹو : فائل

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) سینیٹ میں پی ڈی ایم کے امیدوار سابق وزیراعظم یوسف گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی نے پریس کانفرنس میں اعتراف بھی کرلیا ہے کہ پی ٹی آئی کے چار ارکان نے ان سے رابطہ کیا تھا۔

علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں نظر آنے والی رکن قومی اسمبلی کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے اور وہ میرے دوست ہیں، انہوں نے مجھے بلایا اور کہا کہ ہم یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔

علی حیدر گیلانی کے مطابق پھر انہوں نے پوچھا کہ اگر ہماری جماعت ہم پر شک کرے اور ہمارا ووٹ ہاتھ میں لینا چاہے تو ہم کیا کریں، میں نے انہیں بتایا کہ اگر آپ کو نشان لگا ہوا بیلٹ پیپر دیں تو آپ یوسف رضا گیلانی پر نمبر لگائیں اور ووٹ فولڈ کرکے بیلٹ باکس میں ڈال دیں جس سے ووٹ ضائع ہوجائے گا۔

سابق وزیراعظم کے صاحبزادے نے کہا ‘میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، میرا ضمیر مطمئن ہے، میں نے پیسوں کی کوئی بات نہیں کی، میں ان ایم این ایز سے کئی بار ملاقات کر چکا ہوں جو میرا حق ہے، ووٹ مانگنا میرا حق ہے اور ایک بار نہیں سو بار ووٹ مانگوں گا۔

پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) کے انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اسلام آباد سے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانے کی ویڈیو منظرعام پر آئی ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں علی حیدر گیلانی مبینہ طور پر ایک رکن کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں ، اس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے اور ترجمان کا کہنا ہے کہ ویڈیو کی میرٹ پر تحقیقات ہوں گی۔

ابھی ویڈیو پر ردعمل آہی رہا تھا کہ کہ علی حیدر گیلانی نے پریس کانفرنس میں اعتراف کرلیا کہ ہم سے تحریک انصاف کے کچھ ارکان اسمبلی نے رابطہ کیا تھا ، جن کا کہنا تھا کہ وہ حفیظ شیخ کے بجائے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔

Comments are closed.