صوبے قبائلی علاقے کو این ایف سی کا 3 فیصد حصہ دینے کو تیار نہیں،وزیراعظم

ویب ڈیسک

اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے ہے کہ خدشہ ہے کہ ہمارے دشمن ان لوگوں کے ساتھ پوری طرح سے رابطے میں ہیں جو نہیں چاہتے کہ قبائلی علاقوں کا انضمام ہو، وہ عناصر پوری کوشش کریں گے کوئی نہ کوئی انتشار پھیلایا جائے۔

مہمند میں قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کوشش ہے کہ قبائلی علاقوں کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز مہیا کریں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک سے باہر دشمن ایسے عناصر کو فنڈنگ کرتے ہیں، اور بار بار انضمام میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، کوشش ہے کہ قبائلی علاقے کی ترقی میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

ان کا کہنا تھا صوبوں نے وعدہ کیا تھا کہ قبائلی علاقے کو این ایف سی کا 3 فیصد حصہ دیں گے، لیکن اب صوبے فنڈز دینے کے لیے تیار نہیں ہیں، خیبر پختونخوا نے اپنا شیئر دے دیا، باقی صوبے کہتے ہیں حالات برے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ دو سال سے حالات برے ہیں، ٹھیک ہونے والے تھے پھر کورونا آگیا، اس وجہ سے پیسہ کم اکٹھا ہوا، کوشش کروں گا کہ کم از کم انضمام شدہ علاقوں اور بلوچستان کو جو فنڈز درکار ہیں وہ ملیں۔

عمران خان نے کہا اسمگلنگ پاکستان کو تباہ کر رہی ہے، اسمگلنگ کی وجہ سے ہماری انڈسٹری ترقی نہیں کرتی، ہم ایکسپورٹ نہیں کر پاتے اور نوجوان کو روزگار نہیں ملتا، جب تک ایکسپورٹ نہیں کریں گے قرضے کی دلدل سے نہیں نکل سکتے، اس لیے ہمیں اسمگلنگ کو ہر صورت روکنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کراچی کے حالات اس لیے برے ہیں کہ اندرون سندھ سے ووٹ لے کر آنے والی جماعت کراچی شہر کے لیے کچھ نہیں کرتی، وہ صرف اپنے علاقوں میں ہی کام کرتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ن لیگ بھی جس شہر سے ووٹ لے کر آتی تھی بس وہیں کام کرتی تھی، لیکن جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں ہم انہیں آگے لے کر جائیں گے یہ ہماری ترجیح ہے۔

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے آغاز کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ہم مذاکرات کے کامیاب نتیجے کےلئے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن سے قبائلی اضلاع کے عوام کےلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان نےمہمند میں ناحقی ٹنل اور شیخ زیدروڈ کا افتتاح کیا، حکام کی طرف سے انہیں ضلع مہمند میں ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

بعد میں وزیراعظم عمران خان نے ضلع باجوڑ کا دورہ کیا اور تیمر گرہ خار مامدگٹ سڑک کا سنگ بنیاد رکھا۔

انھوں نے کہا انمنصوبوں سے مہمند اور باجوڑ کے لوگوں کو نقل و حمل اور روزگار کے بہتر مواقع ملیں گے اور صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے باقی اضلاع کے ساتھ رابطہ بہتر ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان پشاور بھی گئےجہاں وہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے سرجیکل اور الائیڈ سروسز بلاک کا افتتاح اور ڈاکٹروں اور طبی عملے سے خطاب بھی کیا۔

Comments are closed.