صحرائے ربع الخالی میں لاپتہ 2 سعودی شہری بازیاب

فوٹو : سعودی میڈیا

ریاض (شاہ جہاں شیرازی) سعودی سرحدی سکیورٹی فورس نے  متحدہ امارات سے متصل البطحاء کے صحرائے ربع الخالی میں لاپتہ ہونے والے دو شہریوں کوبازیاب کر لیا ہے۔

مشرقی ریجن میں سرحدی سکیورٹی فورس کے ترجمان میجر عمر بن محمد الاکلبی نے کہا ہے کہ ’ایک شہری نے اطلاع دی تھی کہ ان کے والد اور چچا ’وہ دونوں صحرا گئے تھے جن سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

دونوں کی گاڑی کے ٹائر صحرا میں دھنس گئے ہیں۔میجر عمر الاکلبی نے بتایا ہے کہ اطلاع ملتے ہی فوری طور پر سراغ لگانے کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ’صحرا میں 20 کلو میٹر اندر جانے کے بعد ایک شہری کو تلاش کرلیا گیا جو اپنی گاڑی کے پاس بیٹھا ہوا تھا جبکہ دوسرا شہری اس سے 12 کلومیٹر دور پایا گیا ہے.

انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی ریت میں پھنسی ہوئی گاڑی کو نکالا گیا اور انہیں امداد فراہم کر کے محفوظ مقام منتقل کر دیا گیا۔

Comments are closed.