شہزادہ ہیری اور اداکارہ میگھن مارکل نے شادی کرلی

تصاویر: اے ایف پی

لندن(نیٹ نیوز) برطانوی شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

آج سنیچر کوشہزادہ ہیری اپنے بھائی کے ہمراہ ونڈسر محل پہنچے جب کہ میگھن مارکل بھی عروسی لباس زیب تن کیے پہنچیں، دونوں نے مہمانوں کی موجودگی میں ونڈسر محل کے سینٹ جارجز چیپل میں ایجاب و قبول کیا۔

اس سے قبل شادی کی تقریبات کا آغاز 12 بجے سینٹ جارج چیپل چرچ میں ہوا جس میں شرکت کے لیے 600 مہمانوں کو مدعو کیا گیا۔

برطانوی شہزادے کی شادی میں ہالی وڈ ستارے بھی شرکت کررہے ہیں جن میں امریکی اداکار جارج کلونی بھی اہلیہ کے ہمراہ شادی میں شریک ہوئے۔

بالی وڈ سے اداکارہ پریانکا چوپڑا شادی کی تقریب میں شریک ہوئیں جب کہ ٹینس اسٹار سرینا ولیمز اور فٹبالر ڈیوڈ بیکھم بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

برطانوی عوام میں شادی کے حوالے سے زبردست جوش و خروش دیکھا گیا اور ہزاروں کی تعداد میں افراد شاہی محل کے باہر شاہی جوڑے کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔

برطانوی شاہی جوڑے کی شادی کی تقریبات کو نہ صرف برطانیہ میں بلکہ دنیا بھر کے ٹیلی وژن چینلز نے براہ راست دکھایا۔ سڑکوں پر بڑی اسکرینیں بھی نصب کی گئیں اور لندن کی گلیوں بازاروں کو شاہی جوڑے کی تصاویر اور قومی پرچموں سے سجایا گیا۔

میگھن مارکل کے والد اپنے دل کی سرجری کے باعث شادی کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکے۔مختلف راستوں پر لوگوں کی طرف سے شہزادے کا استقبال کرنے والوں کے مناظر دیدنی تھے۔

Comments are closed.