شوبز میں لڑکیوں کا استحصال کیا جاتا ہے، اُشناشاہ

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)معروف
اداکارہ اُشنا شاہ نے پاکستان شوبز انڈسٹری میں رائج غیر منصفانہ رویے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری انڈسٹری میں اداکاراؤں کو اداکاروں کے مقابلے میں کم معاوضہ ملتا ہے۔

اُشناشاہ نے حال ہی میں ایک انٹرویو کہا کہ پاکستان شوبز انڈسٹری میں ہیروز کم ہیں کیونکہ اس فیلڈ میں لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیاں زیادہ آتی ہیں۔ حالانکہ مرد اداکاروں کا کام اداکاراؤں سے کم ہوتا ہے.

انھوں نے کہا مثال کے طور پر اگر کسی ڈرامے میں کسی لڑکی کے 400 سینز ہیں تو اس کے مقابلے میں لڑکے کے 300 سینز ہوں گے۔ دراصل ڈرامے کی کہانی ہی عورت کے گرد گھوم رہی ہوتی ہے.

اس لیے ڈرامے میں کام بھی لڑکی کا زیادہ ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود مرد اداکاروں کو اداکاراؤں سے زیادہ معاوضہ دیاجاتا ہے اور یہ نہایت غیر منصفانہ ہے۔

اُشنا شاہ نے کہا کہ اداکارائیں سیٹ پر جلدی آتی ہیں، زیادہ محنت کرتی ہیں، ڈرامے میں اداکارائیں سب سے زیادہ روتی ہیں اور یہ آسان نہیں ہے۔

اُشنا شاہ نے شوبز کی فیلڈ میں کام کرنے والی خواتین کو پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں کہا کہ وہ لڑکیاں جن کا تعلق شوبز انڈسٹری سے نہیں ہوتا جب وہ اس فیلڈ میں آتی ہیں تو انہیں ان تمام لڑکیوں کے مقابلے میں زیادہ مشکلات پیش آتی ہیں. جن کا تعلق شوبز گھرانے سے ہوتا ہے۔

یہاں تک کہ کئی لڑکیوں کا استحصال بھی کیا جاتا ہے۔اداکارہ اُشنا شاہ نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کے کئی افراد پہلے سے شوبز میں تھے لہذا انہیں اس فیلڈ میں جگہ بنانے میں زیادہ مشکل پیش نہیں آئی اسلیے وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں۔

Comments are closed.