شاہد آفریدی کا کورونا متاثرین کیلئے تمام برانڈز کیساتھ مفت کام کرنیکا اعلان

فوٹو : فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے تمام برانڈز کے ساتھ مفت میں کام کرنے کی پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں راشن اور فنڈز دیے جائیں تو وہ تمام برانڈز کے ساتھ مفت کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے بڑے بڑے برانڈز کے ساتھ ان کی اشتہاری مہم کے لیے کام کیا ہے لیکن اب میں چاہتا ہوں کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کے لیے میری معاونت کریں۔

شاہد آفریدی نے ویڈیو پیغام میں کہا یہ پیغام ان برانڈز کے لیے ہے جن کے ساتھ میں نے اپنے فائدے کے لیے کام کیا اور اس کے بدلے انہوں نے بھی مجھے مارکیٹنگ کے لیے استعمال کیا۔

سابق کپتان نے کہا کہ اب میں ان برانڈز سے درخواست کرتے ہوئے اپنا آپ انہیں پیش کر رہا ہوں ہماری کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے خوراک کی فراہمی کی مہم چل رہی ہے.

کوشش ہے کہ اس کو مزید بڑے پیمانے پر انجام دیا جائے کیونکہ پاکستان بہت بڑا ملک ہے اور کافی لوگ کھانے پینے کی اشیا کے اب بھی منتظر ہیں۔

شاہد آفریدی نے تمام برانڈز کو کہا کہ مجھے آپ سے کچھ نہیں چاہیے اور میں آپ کو سوشل میڈیا اور ٹی وی سمیت ہر پلیٹ فارم پر تشہیر کے لیے دستیاب ہوں اور مجھے اس کے عوض پیسے نہیں چاہئیں۔

انھوں نے کہا کہ مجھے اس کے عوض آپ راشن تیار کر کے دیں تاکہ میں پاکستان کے ان لوگوں تک پہنچا سکوں، شاہد آفریدی اپنی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پہلے ہی ملک بھر میں کام کر رہے ہیں.

قومی ٹیم کے کرکٹرز حسن علی، وہاب ریاض، شعیب ملک، جویریہ خان سمیت دیگر نے بھی سابق کپتان کے اس اقدام پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سابق بھارتی کرکٹرز یوراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ نے بھی اپنے ملک میں تنقید کے باوجود کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کرنے والی شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے لیے فنڈز دینے کا اعلان کیا تھاجس کے بعد ان پر بھارت میں تنقید کی گئی۔

Comments are closed.