شاہد آفریدی اور یوراج سنگھ پاک بھارت کرکٹ بحالی کے خواہشمند

فوٹو: سوشل میڈیا

دبئی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد خان آفریدی اور انڈیا کے سابق آل راونڈر یوراج سنگھ نے پاکستان اور بھارت کع آپس میں کرکٹ بحال کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے.

دبئی میں موجود شاہد آفریدی نے کھیلوں کی خبروں سے متعلق ویب سائٹ سپورٹس 360 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز ہو تو یہ ایشز (انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان سیرز) سے بڑا مقابلہ ہو گا۔

شاہد آفریدی نے دونوں ممالک کی حکومتوں اور کرکٹ بورڈز سے خواہش ظاہر کی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان معطل شدہ کرکٹ بحال کی جائے۔

سابق کپتان آفریدی نے کہا دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کا امکان نہیں کیوں کہ سیاست لوگوں کی کھیل سے محبت کے آڑے آتی ہے۔ ہمیں اور انڈیا کو کچھ چیزوں کو پیچھے چھوڑنا ہو گا۔ ہمیں چاہیے کہ کہ باہم بیٹھ کر معاملات طے کریں۔

انڈین ٹیم کے سابق کھلاڑی یووراج سنگھ نے بھی شاہد آفریدی کی تجویز سے اتفاق کیا۔ دبئی ایکسپو کے لیے امارات میں موجود یووراج کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ ہوتی رہنی چاہیے۔

سپورٹس 360 سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ 2004، 2006 اور 2008 میں پاکستان کے خلاف دو ملکی سیریز کھیلنے کو اب بھی یاد کرتے ہیں۔ لیکن یہ چیزیں ہمارے ہاتھوں میں نہیں ہیں۔

یووراج سنگھ نے کہا ہم کھیل سے محبت کے لیے کرکٹ کھیلتے ہیں۔ ہم اپنے طور پر یہ فیصلہ نہیں کر سکتے کہ کس ملک کے خلاف کھیلا جائے۔ تاہم میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان جتنی زیادہ کرکٹ ہو گی یہ دونوں ملکوں کے لیے اتنا ہی اچھا ہو گا۔

شاہد آفریدی اور یووراج سنگھ جیسے جارح مزاج کھلاڑی اس موضوع پر متفق نظر آئے تو سوشل میڈیا اسے نظر انداز نہ کر سکا، اور لوگوں نے ان کے موقف کی تائید کی. پاک بھارت سیریز کی تجویز پر متعدد صارفین نے اپنا اپنا نقطہ نظر شیئر کیا۔

ویمل پنت نامی ہینڈل نے لکھا کہ اگر انڈیا اور پاکستان آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے سے کھیل سکتے ہیں تو دوملکی سیریز کیوں نہیں کھیل سکتے؟ کیا انڈیا آئندہ برس پاکستان کو مدعو کیے بغیر ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا؟

انڈیا اور پاکستان نے 2012-13 کے بعد سے ایک دوسرے کے خلاف سیریز نہیں کھیلی ہے۔ دونوں ملکوں کا کرکٹ کے میدانوں میں آمنا سامنا ورلڈ کپ اور ایشیا کپ جیسے مقابلوں تک محدود ہو چکا ہے۔

کچھ عرصہ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ اور بورڈ آف کرکٹ کنٹرول انڈیا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد میں ناکامی پر عدالتی کارروائی کا تبادلہ بھی ہو چکا ہے۔

پاکستان نے موقف اپنایا تھا کہ انڈین کرکٹ بورڈ نے سال 2015 سے 2023 کے دوران چھ دو ملکی سیریز کھیلنے کا معاہدہ کیا تاہم اس پر عمل نہیں کیا۔

Comments are closed.