شاداب خان بیمار، انگینڈ کے خلاف سیریز سے آوٹ، ورلڈکپ میں شمولیت مشکوک

لاہور (ویب نیوز)  پاکستان کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ روانگی سے قبل شاداب خان کی عدم دستیابی کی صورت میں بڑا دھچکا لگا ہے اور وہ بیمار ہو کر ٹیم سے آوٹ ہو گیے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شاداب خان کے بلڈ ٹیسٹ میں وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے جس کے پیش نظر ڈاکٹروں نے انہیں 4 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے اور وہ دورہ انگلینڈ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

انضمام الحق نے کہا کہ شاداب خان ہمارے اہم کھلاڑی ہیں، امید ہے ورلڈ کپ سے پہلے صحتیاب ہوجائیں گے اور وہ ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ شاداب خان کا علاج انگلینڈ میں کرایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق شاداب خان کا دوبارہ ٹیسٹ کرایا جا رہا ہے، اگر رپورٹ درست نہ آئی تو ان کی ورلڈ کپ میں شمولیت مشکوک ہو جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاداب خان کی جگہ تجربہ کار لیگ اسپنر یاسر شاہ کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کےلیے ٹیم میں شامل کیا ہے اور وہ 23 اپریل کو ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ روانہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ شاداب خان ورلڈ کپ کی ٹیم میں بھی شامل ہیں اور انہوں نے گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی تھی جس میں عمران خان نے انہیں ٹرمپ کارڈ قرار دیا تھا۔

Comments are closed.