سندھ نے فوج کی معاونت کیلئے وفاقی حکومت سے رجوع کر لیا

ویب ڈیسک

کراچی :کورونا وائرس کے بڑھنے کے باعث سندھ حکومت نے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے وفاق سے فوج طلب کرنے کی منظوری کےلیے رجوع کر لیا ہے.

فوج طلب کرنے کی منظوری کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا ہے، محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں صوبے میں صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا ہے.

خط میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں کووڈ-19 سے مخدوش ہوتی صورت حال کے پیش نظر صوبہ سندھ کو سول اختیارات میں مدد کے لیے آئین کی دفعہ 245 کے تحت مسلح افواج کی خدمات کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزارت داخلہ سے کہا گیا ہے کہ اسی لیے صوبہ سندھ میں سول اختیارات میں مدد کے لیے فوج بلانے کی منظوری دینے کے لیے درخواست کی گئی ہے۔

اس سے قبل ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہ ‘وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے لوگوں کے گھروں میں رہنے کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تبادلہ خیال کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اس عرصے میں کریانے اور میڈیکل کی دکانیں کھلی رہیں.

یاد رہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی پاک فوج کو ملک میں کورونا وائرس کے خلاف اقدامات میں سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کا حکم دیا تھا۔

Comments are closed.